Get Alerts

عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے:صدر عارف علوی

عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے:صدر عارف علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی کھُل کر مذمت کرنی چاہیے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٌٹل ٹاک‘ کے میزبان حامد میر کو دیے گئے انٹرویو میں صدرعارف علوی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر مجھے بہت تکلیف پہنچی۔ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں انہیں مارا پیٹا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں صدر بننے سے پہلے بھی شہداء کے لواحقین کے پاس جاتا اور ہر شہید کے گھر فون کرتا تھا۔کرنل شیر خان شہید کی یادگار کے ساتھ جو ہوا وہ افسوسناک ہے۔لہٰذا جس نے بھی یہ کیا اس کو سزا ملنی چاہیے۔

پی ٹی آئی چیئرمین سے متعلق صدر مملکت کا کہنا تھا کہ میں کہتا ہوں اگر احتجاج کریں تو قانون کے دائرے میں رہ کر کریں۔ البتہ عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرنی چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں عارف علوی نے کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تقرری کی مخالفت نہیں تھی۔

انتخابات کے حوالے صدر علوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابات نہیں ہوسکتے۔اسی لئے اب پورے ملک میں ایک ساتھ ہی الیکشن ہوں گے۔ میں چاہتا ہوں الیکشن جلد ہو جائیں اور منتخب لوگ اقتدار سنبھالیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کا برا حال ہے۔ مہنگائی اور بیروزگاری سے عوام مشکلات کا شکار ہیں۔میں غریب آدمی سے بھی کہتا ہوں قانون کی پاسداری کرو۔

صدر مملکت نے کہا کہ بنگلادیش کی جی ڈی پی بھارت سے بہتر ہے۔افغانستان کے ادارے بھی تباہ ہیں۔ پاکستان میں چوروں نے چوری کی لیکن وہ پکڑے نہیں گئے۔ادارے ناکام ہوں وہاں قوم تباہ ہو جاتی ہے۔