Get Alerts

روسی صدر پیوٹن کے شدید مخالف اپوزیشن لیڈر کو زہر دینے کا الزام، حالت تشویشناک

روسی صدر پیوٹن کے شدید مخالف اپوزیشن لیڈر کو زہر دینے کا الزام، حالت تشویشناک
طویل عرصے سے برسر اقتدار روسی صدر پیوٹن کے شدید مخالف اپوزیشن لیڈر لیڈر الیگزے ناوالنائے کی حالت غیر ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اپوزیشن کی ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر الیگزے ناوالنائے کو زہر دیا گیا ہے جس سے ان کی حالت خراب ہوگئی اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ٹویٹر پر جاری بیان میں اپوزیشن لیڈر کی ترجمان نے کہا کہ روس میں کرپشن کے خلاف مہم میں سر گرم اپوزیشن لیڈر الیگزے ناوالنے کی دورانِ پرواز حالت خراب ہوئی جس پر پرواز کی ایمرجنسی لینڈنگ کروائی گئی۔

اپوزیشن لیڈر کی ترجمان نے الیگزے ناوالنے کی چائے میں زہر ملائے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کی صبح اپوزیشن لیڈر ماسکو سے واپس آرہے تھے اور انہوں نے صبح سویرے صرف چائے پی تھی لہٰذا ان کی چائے میں کچھ ملایا گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ الیگزے ناوالنے اس وقت بے ہوشی کی حالت میں ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔

تاہم اپوزیشن لیڈر کی ترجمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ  الیگزے روسی صدر پیوٹن کے شدید مخالفین میں شمار کیے جاتے ہیں اور انہوں نے روس میں کرپشن کے خلاف مہم میں اہم کردار ادا کیا جب کہ 2011کے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے پر انہیں گرفتار کرکے 15 روز کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا۔