Get Alerts

عائشہ فاروقی دفتر خارجہ کی نئی ترجمان مقرر، نوٹی فکیشن جاری

پاکستانی دفتر خارجہ کی سینئر سفارت کار عائشہ فاروقی کو وزارت خارجہ کی نئی ترجمان مقرر کر دیا گیا۔

وزارت خارجہ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عائشہ فاروقی اب سے دفتر خارجہ کی نئی ترجمان ہوں گی۔ عائشہ فاروقی سفارتکاری کے میدان میں لگ بھگ 20 برس کا تجربہ رکھتی ہیں اور جلد نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر محمد فیصل ترجمان وزارت خارجہ کے فرائض انجام دے رہے تھے تاہم انہیں جرمنی میں پاکستانی سفیر تعینات کر دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ 14 دسمبر کو وزارت خارجہ میں بڑے پیمانے پر تقرریاں و تبادلے کیے گئے تھے اور کئی ممالک کے سفرا کو تبدیل کر دیا گیا تھا۔

وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزارت کے ترجمان اور ڈی جی جنوبی ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل کو جرمنی میں پاکستانی سفیر نامزد کیا گیا ہے جبکہ جنوبی کوریا میں پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی کو ایران میں پاکستان کا سفیر بنا دیا گیا ہے۔

پولینڈ میں پاکستانی سفیر شفقت علی خان روس، جرمنی میں پاکستانی سفیر جوہر سلیم اٹلی، ایڈیشنل سیکریٹری وزارت خارجہ محمد ندیم خان یونان اور ڈی جی یورپ ملک محمد فاروق کو پولینڈ کا سفیر نامزد کیا گیا ہے۔

اسی طرح برلن میں تعینات منسٹر مریم مدیحہ آفتاب کو بلغاریہ، بیجنگ میں تعینات منسٹر ممتاز زہرہ بلوچ کو جنوبی کوریا، ایڈیشنل سیکریٹری افریقہ ڈاکٹر علی احمد آرائیں سینیگال، انقرہ میں تعینات منسٹر سید علی اسد گیلانی ازبکستان اور اسٹاک ہوم میں تعینات منسٹر عرفان احمد کو ترکمانستان کے لیے پاکستانی سفیر نامزد کیا گیا ہے۔

دیگر تقرر و تبادلوں میں کینبرا میں تعینات منسٹر محمد خالد اعجاز کی ارجنٹینا، ڈی جی فارن آفس ڈاکٹر ظفر اقبال کی رومانیہ، ڈی جی فارن آفس احمد فاروق کی ڈنمارک، میجر جنرل ریٹائرڈ عمر فاروق برکی کی اردن اور وائس ایڈمرل ریٹائرڈ اطہر مختار کی مالدیپ میں بطور سفیر نامزدگی شامل ہے جبکہ سردار اظہر طارق خان کرغزستان میں پاکستانی سفیر ہوں گے۔

بدھاپست میں تعینات منسٹر زاہد حسین فرینکفرٹ میں قونصل جنرل، ڈی جی ایسٹ ایشیا پیسیفک ثمینہ مہتاب شندو میں قونصل جنرل اور کینبرا میں تعینات منسٹر محمد طارق وزیر مانچسٹر میں قونصل جنرل کے ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ آذربائیجان میں تعینات سفیر ڈاکٹر سعید خان مہمند کے عرصہ تعیناتی میں چھ ماہ کی توسیع کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔