ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آ گئی۔ پولیس کو اہم شواہد حاصل ہوگئے جبکہ حملے کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں ملزم کو فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔حملہ آور کے موبائل فون ڈیٹا اور لوکیشنز کی مدد سے 3 افراد کو حراست میں لےلیا گیا ہے۔
امیر بالاج کو گزشتہ اتوار کی شب چوہنگ کی نجی سوسائٹی میں شادی کی تقریب میں قتل کیا گیا تھا۔ قتل کیس میں خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ اور خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق بالاج ٹیپو کو خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ اور خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کی ایما پر 4 نامعلوم افراد نے قتل کیا۔ واقعہ میں ملوث افراد فائرنگ کرکے موقع سے فرار ہوگئے۔
ایف آئی آر کے مطابق حملہ آور مظفرحسین اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔ ملزم نے ایک روز قبل نیا موبائل فون اور سم خریدی تھی جو کراچی کی لطیفاں بی بی کے نام نکلی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق قتل کی رات تعریف بٹ عرف طیفی بٹ کراچی سے بیرون ملک چلا گیا جبکہ ملزم مظفر 22 سال سے طیفی بٹ کا ذاتی مالشیا نکلا۔ قتل کی رات گوگی بٹ لاہور میں ہی موجود تھا اور پولیس نے گوگی بٹ کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے۔
ملزم مظفر کی تیسری بیوی نے لاش کے حصول کے لیے پولیس سے رابطہ کیا۔ ملزم مظفر کی بیوی نے پولیس کو کیس کے حوالے سے کافی معلومات فراہم کیں جس سے قتل کیس کو حل کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
امیر بالاج قتل کیس کی تفتیش مقامی پولیس چوہنگ کے پاس ہے اور سی آئی اے پولیس تفتیش میں معاونت کر رہی ہے۔ پویس ذرائع کے مطابق ملزم کا پستول کس کے پاس ہے پولیس کو پتہ نہ چل سکا۔ آلہ قتل موقع پر ہی کسی نے غائب کر دیا۔
امیر بالاج کو قتل کرنے والے ملزم مظفر حسین کا اسلحہ لائسنس کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔ ملزم مظفر حسین نے شاٹ گن کا لائسنس حاصل کر رکھا تھا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
دوسری جانب، قتل کی تفتیش سی آئی اے پولیس کو دینے کے لیے درخواست جمع کرا دی گئی۔ تفتیش تبدیلی کی درخواست مقدمے کی مدعی امیر معصب بالاج نے جمع کروائی۔ تفتیش تبدیلی بورڈ میں سی آئی اے کو تفتیش دیے جانے کا امکان ہے۔
منظر عام پر آنے والی حملے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امیر بالاج پر فائرنگ شادی کی تقریب سے باہر نکلتے ہوئے کی گئی. حملے کے وقت لوگ امیر بالاج کے ساتھ سیلفیاں بنانے میں مصروف تھے۔
حملہ آور نے امیر بالاج کے بالکل ساتھ آکر پستول کا برسٹ فائر کیا اور فائرنگ ہوتے ہی بھگدڑ مچ گئی۔
اس سے قبل ہلاک حملہ آور مظفر حسین کے ساتھیوں کے فرار کی فوٹیج منظر عام پر آئی تھی۔واقعہ کے فوری بعد 10بجکر 43منٹ پر کالے رنگ کا ویگو ڈالا ون وے کی خلاف ورزی کرتے ان گیٹ سے باہر نکلا۔کالے ڈالے پر تین سے چار لوگ سورا تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق کالے ڈالے پر لگی نمبر پیلٹ بھی فیک نکلی۔سیف سٹی کے کیمروں اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ڈالے کی تلاش جاری ہے۔
لاہور میں ٹیپو ٹرکاں والے کے مقتول بیٹے امیر بالاج ٹیپو کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ شاہ عالم چوک میں ادا کی گئی جس میں تاجروں اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس نے سخت سکیورٹی انتظامات کر رکھے تھے۔ امیر بالاج کو اس کے والد کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔
واضح رہے کہ امیر بالاج لاہور کے اندرون شہر کی مشہور شخصیت ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا تھا۔ ٹیپو ٹرکاں والا خود بھی دشمنی کی نذر ہو کر قتل ہو گئے تھے۔