امیر بالاج قتل کیس میں اہم پیشرفت، طیفی بٹ نے ویڈیو بیان جاری کر دیا

طیفی بٹ کا کہنا تھا کہ امیر بالاج کے قتل کا افسوس ہے۔ مظفر مالشیا میرا گن مین نہیں۔ وہ سب کے گھروں میں جاتا تھا۔

امیر بالاج قتل کیس میں اہم پیشرفت، طیفی بٹ نے ویڈیو بیان جاری کر دیا

ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔ نامزد ملزم تعریف گلشن عرف طیفی بٹ نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے قتل کے الزام کو مسترد کر دیاہے اور کہاہے کہ میرا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

تفصیلات کے مطابق طیفی بٹ نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امیر بالاج کے قتل کا افسوس ہے۔  اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا۔  اس کے قتل سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔  مظفر مالشیا میرا گن مین نہیں۔ وہ سب کے گھروں میں جاتا تھا۔جلد پاکستان آ کر اپنا بیان پولیس کو ریکارڈ کراؤں گا، پولیس جو فیصلہ کرے گی مجھے منظور ہو گا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

دوسری جانب بالاج کو قتل کرنے والی ٹیم کے سرغنہ کی شناخت کرلی گئی، سرغنہ بلاول کی تصویر منظرعام پر آگئی۔

ملزم بلاول قتل کے اگلے روز سیالکوٹ ایئرپورٹ سے دبئی فرار ہوا۔ بلاول نے شادی میں شرکت کے لیے کرائے پر گاڑی حاصل کی۔

پولیس نے گاڑی اورڈرائیور نعمان کو بھی حراست میں لے لیا جبکہ پولیس نے بلاول کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرلیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور نے طیفی بٹ کو امیر بالاج ٹیپو کے قتل کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔  انہوں نے بتایا تھاکہ شواہد سے ثابت ہوا کہ بالاج کو طیفی بٹ نے ہی قتل کروایا۔ ملزمان سے تفتیش میں تانے بانے طیفی بٹ سے ہی ملتے ہیں۔ طیفی بٹ بیرون ملک موجود ہے۔ ریڈ وانٹ کا عمل مکمل کرلیا جلد ہی طیفی بٹ کو بیرون ملک سے واپس پاکستان لایا جائے گا۔

بتایا جارہا ہے کہ امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس میں پولیس کی تحقیقاتی ٹیموں نے اب تک 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ امیر بالاج ٹیپو کو مبینہ طور پر قتل کروانے کی احسن شاہ نے 5 کروڑ کی ڈیل کی۔ احسن شاہ نے اپنے بیان میں بتایا امیر بالاج ٹیپو کے قتل کی پلاننگ ایک ماہ قبل ہوئی۔ بادامی باغ کے رہائشی بزرگ ملک سہیل نے احسن شاہ کی خواجہ تعریف عرف طیفی بٹ اور خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ سے ملاقات کروائی۔ امیر بالاج ٹیپو کے قتل کی احسن شاہ نے 5 کروڑ میں ریکی کروانے کی ڈیل کی اور 50 لاکھ ایڈوانس وصول کیا۔ 

پولیس ذرائع نے بتایا کہ لاہور سے پکڑے جانے والے امیر بالاج کے قریبی دوست احسن شاہ نے مزید دو نام بتائے اور ملزم احسن شاہ نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ علی اور ولید نامی دو لڑکے بھی ریکی دینے کے لیے رابطے میں تھے۔ علی اور ولید بھی امیر بالاج کے دوستوں میں شامل تھے۔ یہ دونوں مبینہ ملزمان پہلے ہی روپوش ہو چکے ہیں۔ سی آئی اے پولیس دونوں ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔ اسی دوران امیر بالاج ٹیپو کے قتل میں ملوث دوسرا حملہ آور بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 19 فروری کو لاہور ملتان روڈ پر شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو جاں بحق اور دو  افراد زخمی ہوگئے تھے۔

امیر بالاج ٹیپو کے گن مینوں کی فائرنگ سے حملہ آور مظفر حسین بھی موقع پر مارا گیا تھا۔ امیر بالاج پر فائرنگ شادی کی تقریب سے باہر نکلتے ہوئے کی گئی۔