ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی اہلیہ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کے ساتھ وائٹ ہاؤس اگلے صدر کے لیے چھوڑ دیا ہے۔ 150 سالہ قدیم صدارتی روایت کو توڑتے ہوئے انہوں نے نے امریکی صدر جو بائڈن سے ملاقات نہیں کی اور نہ ہی وہ انکی تقریب حلف برداری میں شریک ہوں گے۔
انھیں وائٹ ہاوس سے منتقل کرے کے لیے میرین ون نامی عسکری ہیلی کاپٹر وائٹ ہاؤس کے گراؤنڈ پہنچا۔ اب سے کچھ دیر بعد وہ میری لینڈ میں ایک فوجی اڈے پر الوداعی تقریب سے خطاب کریں گے۔ تاہم یوٹیوب پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا الوداعی بیان جاری کر دیا ہے۔
یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی اپنی ایک ویڈیو میں اُنھوں نے کہا: ہم نے وہی کیا جو ہم کرنے آئے تھے۔ میں نے مشکل اور سب سے سخت ترین لڑائیوں کا انتخاب کیا کیونکہ آپ نے مجھے اسی لیے منتخب کیا تھا۔ مجھے فخر ہے کہ میں دہائیوں میں وہ پہلا صدر ہوں جس نے کوئی نئی جنگیں شروع نہیں کیں۔
اپنے پیغام میں امریکی معیشت پر بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی معیشت کو تعمیر کیا۔