Get Alerts

خیبر پختونخوا کے اساتذہ کی عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالا میں داخل ہونے کی کوشش

خیبر پختونخوا کے اساتذہ کی عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالا میں داخل ہونے کی کوشش
سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر دھرنا دینے والے خیبر پختونخوا کے اساتذہ نے عمران خان کی رہائش گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی ہے۔

موقع پر موجود پولیس نے مظاہرین کو عمران خان کے گھر میں داخل ہونے سے روک دیا، پولیس کی بھاری نفری عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر بیریئر پر موجود ہے۔

مظاہرین نے دھمکی دی ہے کہ 10منٹ میں بیریئر ہٹایا جائے ورنہ اساتذہ زبردستی آگے بڑھیں گے۔

اس حوالے سے ڈی ایس پی بارہ کہو کا کہنا ہے کہ مجسٹریٹ اور پولیس حکام مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ڈی ایس پی بارہ کہو نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد کوئی وفد آپ کا مسئلہ حل کرنے آ جائے گا۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا سے آئے ہوئے اساتذہ کا بنی گالہ میں دھرنا جاری ہے جنہوں نے سابق وزیراعظم کے گھر کی طرف جانے والے راستے پر ٹینٹ لگا دیے ہیں۔

احتجاج کرنے والے اساتذہ کہتے ہیں کہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو کے پی میں پی ٹی آئی کے خلاف تحریک چلائیں گے۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ صوبے کے 58 ہزار اساتذہ کو تاریخِ تقرری سے مستقل کیا جائے۔ تاریخ تقرری سے سنیارٹی اور سالانہ انکریمنٹ بھی دیا جائے۔