Get Alerts

پی ٹی آئی کیلئے ترانے بنانے اور عمران خان کو سپورٹ کرنے پر شرمندہ ہوں: عطااللہ عیسیٰ خیلوی

پی ٹی آئی کیلئے ترانے بنانے اور عمران خان کو سپورٹ کرنے پر شرمندہ ہوں: عطااللہ عیسیٰ خیلوی
اردو اور سرائیکی گیتوں سے پوری دنیا میں شہرت پانے والے میانوالی کے گلوکار اور چیئرمین پی ٹی آئی کے قریبی سمجھے جانے والے عطا اللہ خان عیسٰی خیلوی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لیے کی جانے والی اپنی جدوجہد پر شرمندہ ہوں۔

معروف گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف کیلئے ترانے بنائے اور پی ٹی آئی خصوصی طور پر عمران خان کو  سپورٹ کیا لیکن مجھے آج ایسا کرنے پر شرمندگی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا میں نو مئی کے واقعات کی پر زور مذمت کرتاہوں اور ہمیشہ پاک فوج کو سپورٹ کرتا رہوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج ہے تو پاکستان ہے۔ جنہوں نے اپنی جان ہتھیلی پہ رکھ کر وطن عزیز کے ایک ایک انچ کو دشمن سے بچایا۔ جنہوں نے دہشتگردی کا خاتمہ کرنے کیلیے شہادت کا جام نوش کیا۔ 9 مئی کو جس طرح ان کی بےحرمتی کی گئی وطن سے محبت کرنے والا کوئی شہری یہ سوچ بھی نہیں سکتا۔

معروف سرائیکی گلوکار نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق سزا ضرور ملنی چاہیے۔ ان واقعات نے قوم کو بہت دکھ پہنچایا ہے۔ ‏9 مئی کو جو واقعہ ہوا اس سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیا۔

ماضی میں عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نے پی ٹی آئی کے لیے کئی سیاسی ترانے بنائے اور ان کا شمار عمران خان کے بہت قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ اس حوالے سے گلوکار  نے کہا تھا کہ ان کی عمران خان سے دوستی اس وقت سے جس چیئرمین پی ٹی آئی کا سیاسی کیرئیر شروع بھی نہیں ہوا تھا۔

ایک اور بیان میں عطا اللہ خان عیسٰی خیلوی نے دوسری سیاسی جماعتوں کے لیے ترانے نہ گانے کے حوالے سے کہا تھا کہ میری طبیعت ہی نہیں مان رہی تھی۔ عمران خان سے میرا ذاتی تعلق ہے۔ اور ایک دوست ہونے کے ناطے میں ان کے لیے زیادہ سے زیادہ یہی کر سکتا تھا کہ ان کے لیے گیت گاؤں۔