بھارتی سیاستدان راج ٹھاکرے کی جماعت مہاراشٹر نونیرمن سینا (ایم این ایس) نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کسی پاکستانی فنکار کو بھارت میں کام کرنے کی اجازت نہیں. ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایم این ایس سینما ونگ کے صدر امیا کھوپکر نے کہا کہ ہم ماہرہ خان اور دیگر کسی پاکستان فنکار کو مہاراشڑ یا ملک کے کسی بھی حصے میں کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے. انتہاپسند سیاسی جماعت کا مذکورہ بیان اداکارہ ماہرہ خان کی جانب سے زی تھیٹر کی پیشکش قبول کرنے کے بعد سامنے آیا۔
چند روز قبل ماہرہ خان نے انوپم چوپڑا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں ماضی میں بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے بھی بات کی تھی۔ بھارتی اخبار کے مطابق ٹی وی چینل زی انٹرٹینمنٹ نے اپنے نئے منصوبے کے لیے ماہرہ خان، ثروت گیلانی، ثانیہ سعید، نمرہ بچہ، یاسرہ رضوی، عرفان کھوسٹ اور کنول کھوسٹ سمیت دیگر اداکاروں کو کاسٹ کیا۔ اس حوالے سے زی تھیٹرز کی سوشل میڈیا پوسٹس میں کہا گیا تھا کہ ماہرہ خان، ثانیہ سعید، یاسرہ رضوی اور ثروت گیلانی یار جولاہے نامی داستان گوئی کے ایک منصوبے میں کہانی پڑھتی دکھائی دیں گی.یار جولاہے میں ماہرہ خان سمیت دیگر شوبز شخصیات معروف اردو اور ہندی لکھاریوں کے افسانے اور کہانی پڑھتا تھیں اور ماہرہ خان کے لئے احمد ندیم قاسمی کے گڑیا نامی افسانے کا انتخاب کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان نے 2017 میں شاہ رخ خان کے ساتھ رومانوی فلم رئیس میں اداکاری کی تھی تاہم وہ فلم کے پروموشنل ایونٹس میں شریک نہیں ہوسکی تھیں۔