انڈیا میں 70 سالہ خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش، ڈاکٹرز حیران

انڈیا میں 70 سالہ خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش، ڈاکٹرز حیران
انڈیا میں ایک 70 سالہ خاتون نے صحت مند بچے کو جنم دے کر ڈاکٹروں سمیت پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ اس خاتون کا نام "جیونبن رابری" بتایا جا رہا ہے۔

جیونبن رابری کی 25 برس کی عمر میں شادی ہوئی تھی لیکن ابھی تک وہ اولاد کی نعمت سے محروم تھی۔ اس نے 45 سال تک اپنا علاج کروایا۔ ریاست بھر کے ڈاکٹروں کو دکھایا لیکن اس کی خواہش پوری نہیں ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹروں نے بھی تمام کوششیں چھوڑ دی تھیں لیکن اس خاتون نے امید نہ چھوڑی۔ اب انڈین ریاست گجرات کی رہائشی اس معمر خاتون جیونبن رابری کے ہاں مصنوعی حمل کاری کے ذریعے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔



معمر خاتون کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جیونبن رابری اپنے شوہر کیساتھ ہسپتال میں بچے کی پیدائش کی خواہش لے کر آئی تھی۔ تاہم ہم نے اسے بتایا کہ وہ بہت بوڑھی ہو چکی ہے، اس لئے اس عمر میں اولاد پیدا کرنا ان کیلئے ناممکن ہے۔

ڈاکٹروں نے بتایا جیونبن رابری کے شوہر کی عمر 75 سال ہے اس لئے ہم نے مصنوعی حمل کاری کا طریقہ اپنایا جو حیرت انگیز طور پر کامیاب رہا۔

یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ 2019ء میں 74 برس کی عمر میں ایک بھارتی خاتون منجیاما یارامتی نے مصنوعی حمل کاری کے ذریعے دو جڑواں بچوں کو جنم دیا تھا۔ اس طرح وہ دنیا کی عمر رسیدہ ترین ماں بن گئی تھیں۔