قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے بچے کی پیدائش پر باپ کو چھٹی سے متعلق بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔
بچے کی پیدائش پر باپ کو چھٹی دینے کے حوالے سے بل پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری کی جانب سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں پیش کیے گئے تھے جن میں واضح کیا گیا تھا کہ بچے کی پیدائش کے موقع پر بچے کی پرورش کرنے کے لئے ماں کے ساتھ والد بھی ایک ماہ کی چھٹی کا حقدار ہے۔
شازیہ مری کی جانب سے پیش کئے گئے بل میں لکھا گیا ہے کہ پہلے بچے کی پیدائش پر والدہ کو 6 ماہ اور والد کو ایک ماہ کی چھٹی ملے گی۔ بل میں کہا گیا ہے کہ دوسرے بچے کی پیدائش پر والدہ کو 4 ماہ اور والد کو ایک ماہ کی چھٹی ملے گی.
تیسرے بچے کے پیدائش کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ والدہ کو 3 ماہ اور والد کو ایک ماہ کی چھٹی ہو گی۔
شازیہ مری کی جانب سے پیش کیے گئے بل میں کہا گیا ہے کہ والد کو تین بچوں کی پیدائش تک ہی چھٹی مل سکے گی اور اس کا اطلاق صرف اسلام آباد تک ہو گا۔
قانون کا اطلاق وفاقی دارالحکومت کے تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں پر ہو گا۔