ورلڈکپ: پاکستان اور آسٹریلیا میں کس کا پلڑا بھاری ؟

اب تک ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میچوں میں دونوں ٹیمیں 10 بار آمنے سامنے آ چکی ہیں جن میں سے 6 میچوں میں آسٹریلیا اور 4 میچوں میں قومی ٹیم نے میدان مارا ہے۔

ورلڈکپ: پاکستان اور آسٹریلیا میں کس کا پلڑا بھاری ؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے آج 5 بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا سے مدمقابل ہونا ہے۔ اب تک کے میچوں میں آسٹریلیا کو قومی ٹیم پر برتری حاصل ہے۔

بھارت میں جاری ورلڈکپ میں پاکستان نے اب تک 3 میچز کھیلے ہیں۔ نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف تو قومی ٹیم کو کامیابی ملی لیکن روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب آسٹریلیا اب تک ٹورنامنٹ میں متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ کینگروز نے بھی اب تک 3 میچز کھیلے جس میں 2 میں شکست اور ایک میں کامیابی ملی۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا 18واں میچ آج شاہینوں اور گینگروز کے درمیان بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔ 

دونوں ٹیمیں اب تک 107 ایک روزہ میچوں میں مدمقابل آ چکی ہیں جن میں سے آسٹریلیا نے 69 اور پاکستانی ٹیم نے 34 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 3 میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے اور ایک میچ برابر رہا۔

اب تک ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میچوں میں دونوں ٹیمیں 10 بار آمنے سامنے آ چکی ہیں جن میں سے 6 میچوں میں آسٹریلیا اور 4 میچوں میں قومی ٹیم نے میدان مارا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ورلڈکپ میچ 1975 میں ہوا تھا۔جس میں کینگروز نے پاکستان کو با آسانی 73 رنز سے شکست دے دی تھی۔

1979 میں پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیمیں ورلڈکپ کے دوسرے ایڈیشن میں ایک بار پھر مدمقابل آئیں اس بار پاکستان نے گزشتہ ورلڈکپ کی شکست کا بدلہ لیتے ہوئے کینگروز کو 89 رنز سے ہرا یا۔

کینگروز اور پاکستان1987 کے ورلڈکپ میں تیسری بار مدمقابل آئے۔ اس بار آسٹریلیا نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کو اس کے ہی ہوم کراؤڈ کے سامنے 18 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ آسٹریلیا اس ورلڈکپ کا فاتح ٹھہرا تھا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 1992 کے ورلڈکپ میں ایک بار پھر آمنے سامنے آئیں۔ اس بار گرین شرٹس نے پچھلی ہار کا بدلہ لیتے ہوئے آسٹریلیا کو اس ہی کے کراؤڈ کے سامنے 48 رنز سے شکست دی۔

1999  کے ورلڈکپ میں پاکستان اور آسٹریلیا دو بار مدمقابل آئے۔ گروپ اسٹیج میں تو پاکستان نے کینگروز کو 10 رنز سے ہرا یا لیکن بدقسمتی سے ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بدلہ لیتے ہوئے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈکپ ٹرافی اٹھائی۔

2003 کے ورلڈکپ میں پاکستان اور آسٹریلیا ساتویں بار آمنے سامنے آئے اس بار آسٹریلیا نے گرین شرٹس کو 82 رنز کے بڑے مارجن سے ہرایا۔

کینگروز اور پاکستان 2011 کے ورلڈکپ میں آٹھویں بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئے۔ اس بار گرین شرٹس نے پرانے بدلے لیتے ہوئے دفاعی چیمپئن کو 4 وکٹوں سے شکست دی اور 1999 کے ورلڈکپ کے فائنل سے ناقابل شکست رہنے والی آسٹریلین ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ توڑ دیا۔

2015 کے ورلڈکپ میں آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیمیں ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں آمنے سامنے آئیں۔ اس بار کینگروز نے گرین شرٹس کو 6 وکٹوں سے ہرایا اور سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ یہ ورلڈکپ آسٹریلیا کے نام رہا تھا۔

پاکستان اور آسٹریلیا 2019 کے ورلڈکپ میں دسویں بار مدمقابل آئے۔ اس بار بھی کینگروز نے گرین شرٹس کو 41 رنز سے شکست دی۔

ورلڈکپ مقابلوں میں آسٹریلیا کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے۔ کینگروز نے 10 مقابلوں میں سے 6 میں کامیابی حاصل کی جبکہ گرین شرٹس 4 میچز جیتنے میں کامیاب ہوا۔