باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 79 رنز سے شکست دیدی۔
آسٹریلیا نے آج کی جیت کے بعد سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔
کھیل کے چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 186 رنز 6 کھلاڑی پر کیا اور پوری ٹیم 262 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ ایلکس کیری نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ مچل مارش 96 رنز بنا آؤٹ ہوئے تھے جبکہ سٹیو سمتھ 50، پیٹ کمنز 16، نیتھن لائن 11 اور مچل سٹارک 9رنزبنا کر پویلین لوٹے۔ڈیوڈ وارنر 6، مارنس لبوشین 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو وکٹیں عامر جمال نے اپنے نام کیں۔
ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کو پاکستان کی ٹیم 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں237 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 4 وکٹیں مچل سٹارک کے حصے میں آئیں اور ایک کھلاڑی کو جوش ہیزل وڈ نے شکار بنایا۔ پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ پیٹ کمنز نے حاصل کیا۔
دوسری اننگز میں عبد اللہ شفیق چار رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ 12 کے انفرادی اسکور پر امام الحق بھی پویلین لوٹ گئے، تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے جو 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم 41 رنز بنا کر جوش ہیزل وڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے جبکہ سعود شکیل 24 رنز بنا کر سٹارک کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد رضوان بھی 35 رنز بنا کر پیٹ کمنز کا شکار بنے جبکہ عامر جمال بھی بغیر کوئی رن بنائے پیٹ کمنز کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا نے 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ بھی صفر پر ہی آؤٹ ہوئے۔
سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ 3 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔