پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز ٹرافی کی رونمائی، قومی سکواڈ کا اعلان کردیا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہو گا۔

پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز ٹرافی کی رونمائی، قومی سکواڈ کا اعلان کردیا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کیلئے بینو -قادر ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔

قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود اور آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹرافی کے ہمراہ پرتھ سٹیڈیم میں تصاویر بنوائیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کیلئے ٹرافی کو '' بینو –قادر'' ٹرافی کا نام دیا گیاہے دراصل یہ 2 لیجنڈری کھلاڑیوں کو اعزاز دیا گیاہے۔

بینو نے 1959 میں دورہ پاکستان کے موقع پر آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کی تھی اور 0-2 سے ٹیسٹ سیریز میں کامیابی سمیٹی جبکہ پاکستان کی جانب سے کھیلنے والے مایہ ناز لیگ سپنر عبدالقادر نے آسٹریلیا کے خلاف 11 ٹیسٹ میچ کھیلے جن میں 45 وکٹیں حاصل کیں ۔

آسٹریلیا کے لیجنڈری سابق کپتان بینو نے 1952 سے 1964 تک 248 وکٹیں حاصل کیں اور 63 میچز میں نمائندگی کی جبکہ پاکستان کے لیجنڈری باؤلر عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ میچز میں 236 وکٹیں حاصل کیں ۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر (کل) سے پرتھ سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ جہاں پاکستانی شائقین کرکٹ کیلئے الگ سٹینڈ بھی بنایا گیا ہے۔

پاکستان  نے بھی پرتھ ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بولر عامر جمال اور خرم شہزاد کا ٹیسٹ ڈیبیو ہوگا جب کہ شان مسعود بھی پہلی بار ٹیم کی قیادت کریں گے۔

کینگروز کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی پلیئنگ الیون میں امام الحق، عبداللہ شفیق، بابراعظم، وکٹ کیپر سرفراز احمد شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سعود شکیل، سلمان علی آغا، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی بھی قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔  گزشتہ دنوں ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ لیگ سپنر ابرار احمد انجری کا شکار ہونے کے باعث پہلے میچ سے باہر ہوگئے تھے جس کے بعد متبادل میں ساجد خان کو طلب کیا گیا تھا۔

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان بھی کردیا ہے۔

کینگروز کے سکواڈ میں کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، سٹیو سمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔