وزیراعظم عمران خان کو بیرون ممالک سے کیا تحفے ملے، حکومت نے تفصیلات دینے سے انکار کردیا۔
وفاقی حکومت نےعمران خان کو بطوروزیراعظم ملنے والے تحائف کو’کلاسیفائیڈ’ (خفیہ) قراردے دیا۔ کابینہ ڈویژن نے کہا کہ سربراہان مملکت کےدرمیان تحائف کا تبادلہ بین الریاستی تعلقات کاعکاس ہوتاہے، ایسے تحائف کی تفصیل اجراء سے ‘میڈیا ہائپ (شور و غوغا)’ اورغیرضروری خبریں پھیلیں گی، بے بنیادخبریں پھیلنے سے مختلف ممالک کیساتھ تعلقات متاثر،ملکی وقارمجروح ہوگا۔
کابینہ ڈویژن نے شہری کو وزیراعظم کے تحائف کی تفصیلات دینے سے متعلق انفارمیشن کمیشن آف پاکستان کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عتیق الرحمان صدیقی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان انفارمیشن کمیشن اور شہری ابرارخالد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔