Get Alerts

عمران خان کی جان کو خطرہ، رہائشگاہ پر بم ناکارہ بنانے کی ڈیوائسز نصب کرنے کا فیصلہ

عمران خان کی جان کو خطرہ، رہائشگاہ پر بم ناکارہ بنانے کی ڈیوائسز نصب کرنے کا فیصلہ
سابق وزیراعظم عمران خان کی جان کو لاحق خطرات اور سیکیورٹی خدشات کے باعث ان کی رہائشگاہ پر بم نکارہ بنانے والی ڈیوائسز نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ذاتی طور پر نگرانی اور احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم کے احکامات پر وزارت داخلہ نے فوری طور پر چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹریز کو ہنگامی خط لکھ کر عمران خان کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کا حکم جاری کیا ہے، جب کہ آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری مراسلہ کے مطابق عمران خان جہاں بھی جائیں ان کی سخت سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ عمران خان کی رہائش گاہ پر بھی بم ناکارہ بنانے سمیت سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں۔

مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمران خان کی عوامی سرگرمیوں کے دوران سیکیورٹی کے بارے کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو صوبے میں نقل و حرکت کے دوران فول پروف سیکیورٹی اور بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈی سی لاہور نے عمران خان کو مینار پاکستان نہ جانے کا مشورہ دیا تھا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزارت داخلہ کی طرف سے 16اپریل کو تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا تھا جس میں خدشہ ظاہرکیا گیا کہ ملک دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی طرف عوامی اجتماعات کے موقع پرسابق وزیر اعظم عمران خان پر حملوں کا خدشہ ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ عمران خان آج بروز جمعرات 21 اپریل کو لاہور کے مینار پاکستان میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کریں گے۔