پرویز مشرف کیس کے سابق پراسیکیوٹر اکرم شیخ کے گھر نامعلوم افراد کی ڈکیتی

پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس لڑنے والی وکلا کی ٹیم کے سربراہ اکرم شیخ کے فارم ہاؤس میں نامعلوم افراد نے گھس کر 2 گھنٹے اہل خانہ کو یرغمال بنائے رکھا اور لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے۔

اسلام آباد پولیس کے ایس پی ملک نعیم کے مطابق علاقہ چک شہزاد میں واقع فارم ہاؤس میں رات گئے نامعلوم افراد داخل ہوئے اور اہل خانہ کو 2 گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا۔

نامعلوم ملزمان نے فارم ہاؤس میں گھس کر اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو ایک کمرے میں بند کردیا اور ان کے موبائل فون بھی چھین کر باہر رابطہ کرنے کے ذرائع بند کر دیے۔ اس کے بعد ملزمان نے عمارت کا کونہ کونہ چھان مارا اور آخر میں نقدی لے کر وہاں سے نکل گئے۔

ایس پی ملک نعیم کے مطابق اکرم شیخ ایڈووکیٹ بھی فارم ہاؤس میں موجود تھے۔

واقعے کا مقدمہ فوری طور پر درج نہ ہوسکا جبکہ اکرم شیخ نے بھی تاحال کوئی بیان نہیں دیا۔

اسی حوالے سے سینئر صحافی حامد میر نے ٹویٹ کیا ہے کہ نامعلوم افراد نے دو گھنٹے تک اکرم شیخ کو یرغمال بنائے رکھا، ڈاکو اکرم شیخ کے گھر کی تلاشی لیتے رہے۔

حامد میر نے مزید کہا کہ مسلح افراد نے جاتے ہوئے اکرم شیخ کو دھمکی دی کہ "باز نہ آئے تو پھر آئیں گے"۔



یاد رہے کہ اکرم شیخ ایڈووکیٹ کو میاں نواز شریف نے پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ کی پیروی کرنے والے پراسیکیوٹرز کی ٹیم کا سربراہ مقرر کیا تھا۔ انہوں نے 2018 تک مقدمہ لڑا مگر تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔