پرویز مشرف پر آئین شکنی کا الزام تو لگایا جاسکتا ہے لیکن غداری کا نہیں، علی محمد خان

وزیر مملکت علی محمد خان نے کہاہے کہ وفاقی حکومت پرویزمشرف کیس میں فریق نہیں بن رہی ، عمران خان نے پرویز مشرف کے اقدام کی مذمت کی تھی۔

اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ پرویزمشرف کیس میں وفاقی حکومت فریق نہیں بن رہی ، عمران خان نے پرویز مشرف کے اقدام کی مذمت کی تھی ۔انہوں نے کہاکہ خصوصی عدالت کے فیصلے کے پیراگراف 66پر بہت سے لوگوں نے اعتراض کیا ۔ اس پیراگراف کی وجہ سے فیصلے میں بہت سی باتیں نظرانداز ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کیخلاف یک طرفہ کیس بنایاگیا تھا۔

علی محمد خان کا کہناتھا کہ جب ایک کیس قائم کیاجاتا ہے تو ایک شخص کو نشانہ بنا لیاجاتا ہے، یہ نوازشریف نے بڑاظلم کیا ہے کہ جب سنگین غداری کیس شروع کیاتو پہلے دن سے ہی اس میں بدنیتی شامل کردی ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف پراگر کیس کرنا تھا تو اس پر آئین توڑنے کا الزام تو لگایاجا سکتاہے لیکن یہ نہیں کہا جا سکتا کہ تم نے ملک سے غداری کی ہے ، آرمی چیف رہنے والے کوغدار کہنے سے اس کااثر ملک پر کیا پڑتا ہے ؟