بھارت میں موجود ویکسین بنانے والے دنیا کے سب سے بڑے پلانٹ سیرم انسٹی ٹیوٹ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جبکہ کورونا کے انسداد کے لیے بننے والی ادویات کی پیدوار پر کوئی فرق نہیں پڑا۔
بھارتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سیرم انسٹی ٹیوٹ میں ایسٹرازینیک اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے کووی شیلڈ کورونا وائرس ویکیسن تیار کی جارہی ہے جو بھارت اور دیگر ممالک کو فروخت کی جائے گی۔
مقامی ٹی وی چینل نے بھارت کے مغربی علاقے پونے میں قائم کمپنی پر آگ لگنے کی ویڈیو جاری کی جس میں دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ سیرم انسٹی ٹیوٹ کے ذرائع نے خبرایجنسی کو بتایا کہ 'اس سے کووڈ-19 ویکسین کی تیاری پر کوئی فرق نہیں پڑے گا' اور یہ آگ زیر تعمیر دوسرے پلانٹ پر لگی ہے جس کے نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔
فائر اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 6 سے 7 فائر ٹرک جائے وقوع پر پہنچ گئے تھے جو 100 ایکڑ سے زائد علاقے پر محیط ہے۔ رپورٹ کے مطابق 3 افراد کو بچالیا گیا ہے جبکہ پھنسے ہوئے افراد کی تعداد تاحال سامنے نہیں آئی۔
این ڈی ٹی وی کو فائر بریگیڈ نے بتایا کہ 'دھویں سے کام میں رک گیا اور آگ پر قابو پایا جا رہا ہے'۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ آگ کی لپیٹ میں آنے والا کمپلیکس کورونا ویکسین تیار ہونے والے پلانٹ سے چند منٹ دوری پر واقع ہے۔