اپنی صحافتی عمر کا تمام تر حصہ سیاسی رپورٹنگ کی نذر کردینے کی وجہ سے اگرچہ میں پُراعتماد ہوں کہ میڈیا میں ’’فارن فنڈنگ‘‘ کے حوالے سے لگائی تمام تررونق بالآخر ’’ٹھس‘‘ہی ثابت ہوگی۔ ہماری ہر نوع کی حکمران اشرافیہ جبلی طورپر ’’استحکام‘‘ کی گرویدہ ہے۔نام نہاد ’’سسٹم‘‘ کو زلزلوں کی زد میں نہیں آنے دیتی۔ ’’سسٹم‘‘ برقرار رکھتے ہوئے ہی ہماری اشرافیہ خواہ وہ حکومت میں بیٹھی ہو یا اپوزیشن میں اپنے جثے کے مطابق اقتدار واختیار میں اپنا حصہ وصول کرنے کے قابل ہوتی ہے۔ ’’سسٹم‘‘ کی ’’انقلابی‘‘ اکھاڑ پچھاڑ بالآخر ان کے اجتماعی مفاد ہی کو زک پہنچاتی ہے۔ ہم بحیثیت قوم لہٰذا ’’اسی تنخواہ‘‘میں گزارہ کرتے رہیں گے۔