Get Alerts

پیر حسنات شاہ کا پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

پیر حسنات شاہ کا پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما پیر امین الحسنات نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔

شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور عامر کیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیر امین الحسنات شاہ نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیر امین الحسنات کی شمولیت سے تحریک انصاف کو تقویت ملے گی۔ پیر امین الحسنات ضلع سرگودھا کی نامور شخصیت ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیرحسنات شاہ کا دینی اور مذہبی حلقوں میں ایک مقام ہے اور اُن کی پی ٹی آئی میں شمولیت اچھا اضافہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی فوری ضرورت الیکشن ہیں اور ہمارا پہلے دن سے مطالبہ رہا ہے کہ فوری الیکشن کرائے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئین کہتا ہے90 دن میں الیکشن کرانا لازم ہے اور 90 دن میں الیکشن نہ ہوئے تو آئین شکنی ہوگی۔ جو الیکشن میں رکاوٹ ہے وہ معیشت کو بحران میں دھکیل رہا ہے۔

اس موقع پر سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ امیر امین حسنات کو قافلے میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان ایک حقیقی ملک بننے جارہا ہے اور پاکستان کی بہتری کیلئے پیر حسنات کے ساتھ سفر جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں تاریخ ساز تحریک چل رہی ہے اور پیر حسنات کےآنے سے علاقے میں پی ٹی آئی مضبوط ہوگی۔