Get Alerts

چیف الیکشن کمشنر کا ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں آرمی چیف سے سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ

چیف الیکشن کمشنر کا ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں آرمی چیف سے سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ
اطلاعات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات میں سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے سندھ بلدیاتی انتخابات، پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات، این اے 245 کراچی کے ضمنی انتخابات، پی کے 7 سوات کے ضمنی انتخابات کے لئے سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

مراسلے میں چیف الیکشن کمشنر نے گذشتہ انتخابات میں پاک فوج کے تعاون کی تعریف کی اور کہا کہ گذشتہ عام انتخابات سمیت ضمنی وبلدیاتی میں انتہائی حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر پاک فوج نے مثالی کردار ادا کیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے آرمی چیف کو لکھے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ حالیہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان بلدیاتی انتخابات میں بھی پاک فوج نے سیکورٹی کی خدمات احسن طریقے سر انجام دی اور امید کی جاتی ہے کہ ائندہ انے والے ضمنی و بلدیاتی انتخابات میں پاک فوج بہترین طریقے سے اپنی خدمات سر انجام دے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور لاہور کے ضمنی انتخابات میں بد امنی اور پر تشدد واقعات پیش نظر پاک فوج کی خدمات طلب کی جا رہی ہیں۔ سندھ بلدیاتی کا مرحلہ 26 جون، پی کے 7 سوات میں ضمنی الیکشن 26 جون اور پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات 17 جولائی، سندھ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 24 جولائی اور این اے 245 کراچی میں 27 جولائی کو ضمنی انتخابات شیڈول ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے سرکاری ترجمان اور پاک فوج کے اطلاعات عامہ آئی ایس پی آر نے تاحال اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔