Get Alerts

عمران خان کو اپنی کرپشن کا حساب دینا پڑے گا: بلاول بھٹو زرداری

عمران خان کو اپنی کرپشن کا حساب دینا پڑے گا: بلاول بھٹو زرداری
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کرپشن کے لئے بنائی ہوئی کمپنی میں عمران خان کی کک بیکس جاتی تھیں۔ عمران خان نے جتنی کرپشن کی اب اس کو جواب دینا پڑے گا۔ ثابت ہو رہا ہے کہ ان کا کرپشن کے خلاف بیانیہ 100 فیصد جھوٹ تھا۔

لاڑکانہ میں جلسے سے خطاب کرتے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپنی کرسی بچانے کے چکر میں اس نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ عمران خان کی وجہ سے پاکستان میں مہنگائی اور معاشی بحران ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی محنت کی وجہ سے پاکستان کو پہلی بار جی ایس پی پلس اسٹیٹس ملا۔ فیٹف کے فورم پر بھی کامیابی حاصل ہوئی۔ فیٹف کی کامیابی سب کی مشترکہ کاوش ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سے وزیر خارجہ بنا ہوں ایک دن بھی چین سے نہیں بیٹھا۔ غیر ملکی دورے پاکستان کے بارے میں پیدا ہو جانے والی غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ ترکی کا دورہ بھی کیا ، حال ہی میں ایران کا دورہ کر کے آیا ہوں۔ ہماری خارجہ پالیسی ہے کہ ہم تجارت چاہتے ہیں، بھیک نہیں مانگیں گے۔ اتحادی حکومت تمام ممالک کیساتھ تعلقات کو ازسرنو استوار کرے گی۔ اگر امریکا سے بات کی تو صرف تجارت پر بات کی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور اس کی معاشی ٹیم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل پر ہم پہلے سے تنقید کرتے رہے۔ پاکستان کو بچانے کیلئے ہم نے اس شخص کو نکالا۔ تاریخ میں پہلی بار تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی۔ یہ نیا پاکستان بناتے بناتے پرانا بھی خراب کر گیا۔ نیا پاکستان بناتے بناتے مہنگا پاکستان کھڑا کر کے چلا گیا۔