Get Alerts

پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی، ایئر انڈیا کو کروڑوں کا نقصان

پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد ہونے کے باعث بھارت کی پرچم بردار ایئر لائن ’’ایئر انڈیا‘‘ کو 60 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔

ایک بھارتی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، ایئر انڈیا کی امریکہ اور یورپ جانے والی پروازوں کے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی کے باعث  بحیرہ عرب کا متبادل راستہ اختیار کرنے کے باعث سفر کے دورانیے میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

امریکی شہروں واشنگٹن ڈی سی، نیویارک اور شکاگو جانے والی پروازوں کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیوں کہ ان فلائٹس کو ایندھن بھروانے کے لیے لازمی طور پر کچھ دیر کے لیے شارجہ یا ویانا رکنا پڑتا ہے۔

https://youtu.be/ogYR_y7Nj4M

بیرون ملک جانے اور واپس آنے پر پٹرول بھروانے پر اوسطاً 60 لاکھ روپے خرچہ آتا ہے جس کی وجہ سے ایئر انڈیا کو 16 مارچ  تک قریباً 60 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ چکا تھا۔

تاہم، دہلی سے بحرالکاہل کے راستے سان فرانسسکو جانے والی پرواز متاثر نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی، فضائی سفر کے اخراجات بڑھ گئے

ان بڑھنے والے نقصانات کے باعث ایئرانڈیا نے فیصلہ کیا ہے کہ ویانا سے صرف دو پروازیں ہی تیل بھروائیں جب کہ دیگر پروازیں اب ممبئی میں رُکتی ہیں۔

ایئرانڈیا کو ایک اور مسئلے کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے جو ہر پرواز میں مسافروں کی تعداد پر عائد پابندیوں سے متعلق ہے۔ اگر پرواز میں کم مسافر سوار ہوں تو ایئرلائن سمیت دیگر متعلقہ شعبوں کی آمدن پر بھی فرق پڑتا ہے۔



مسافروں کو الگ پریشانی کا سامنا ہے۔ فاصلہ طویل ہونے کی وجہ سے سفر کا دورانیہ بڑھ گیا ہے جب کہ ایندھن بھروانے کے لیے سٹاپ کرنے کے باعث امریکہ جانے والی فلائٹ پر اوسطاً 18 گھنٹے سے زیادہ وقت صرف ہو رہا ہے۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں گزشتہ ماہ 14 فروری کو ہونے والے خودکش حملے میں پیراملٹری فورسز کے 40 سے زیادہ اہلکار ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد انڈیا نے 26 فروری کو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور کالعدم تنظیم ’’جیش محمد‘‘ کے تربیتی کیمپوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔

تاہم، اگلے روز ایک بار پھر بھارتی طیارے پاکستان میں داخل ہوئے جنہیں پاکستانی فضائیہ نے مار گرایا اور پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا گیا جنہیں بعدازاں جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کر دیا گیا تھا۔ اس کشیدہ صورت حال کے باعث پاکستان نے انڈین ایئرلائنز کے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی جو اب تک برقرار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بھارت میں رابطے بحال ہونے لگے

واضح رہے کہ انڈیا نے بھی پاکستان پر اپنی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے جس کے باعث پی آئی اے کو بھی بھاری نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔