پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کی جانب سے سابق کرکٹر عمر گل اور سعید اجمل کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا باولنگ کوچ مقرر کردیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پی سی بی کے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ سے باولنگ کوچز کا اعلان کیا گیا۔ سعید اجمل بطور سپن باولنگ کوچ اور عمر گل بطور فاسٹ باولنگ کوچ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
عمرگل اور سعید اجمل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچز مقرر pic.twitter.com/YDrm51wuRm
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) November 21, 2023
عمرگل نے اپنی تقرری کو اعزاز سمجھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کا شکریہ اداکیا ہے اور کہا ہےکہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ اپنے سابقہ تجربے کی روشنی میں وہ کوچنگ کی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے وہ ٹیم کی بولنگ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔
اس حوالے سے سعید اجمل نے بھی کہا ہے کہ یہ ذکا اشرف کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے اس ذمہ داری کے لیے انہیں موقع فراہم کیا۔وہ پاکستانی ٹیم میں سپن بولنگ کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان کا کریئر اور تجربہ ٹیم میں سپن بولنگ کو آگے بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔
خیال رہے کہ عمر گل بھی پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے باولنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ رواں برس افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بولنگ کوچ کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔
سابق کرکٹر نے 2003 میں شروع ہونے والے اپنے شاندار انٹرنیشنل کریئر میں47 ٹیسٹ میچوں میں 163وکٹیں ۔130 ون ڈے انٹرنیشنل میں 179وکٹیں اور 60 ٹی20 انٹرنیشنل میں 85 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
دوسری طرف سابق عالمی نمبر ون ڈے انٹرنیشنل بولر سعید اجمل بھی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوروں میں اپنی ذمہ داریاں شروع کریں گے۔ انہوں نے 2008 میں اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیااور انٹرنیشنل کیریئر میں 35 ٹیسٹ 113 ون ڈے اور 64 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر447 وکٹیں حاصل کیں وہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائٹڈ کے سپن بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔