'ذلفی بخاری کو اسٹیبلشمنٹ سے معافی نہیں ملے گی'

سینئر تجزیہ کار مزمل سہروردی نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما ذوالفقار بخاری اس وقت بہت مشکل میں ہیں اور وہ اسٹیبلشمنٹ سے کلین چٹ مانگ رہے ہیں۔بظاہر تو انہوں نے اپنے بیان میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کر دی ہے تاہم انہیں اسٹیبلشمنٹ سے معافی نہیں ملے گی۔

'ذلفی بخاری کو اسٹیبلشمنٹ سے معافی نہیں ملے گی'

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ذوالفقار بخاری مشکل میں ہیں اور اب وہ اسٹیبلشمنٹ سے کلین چٹ مانگ رہے ہیں۔ بظاہر تو انہوں نے اپنے بیان میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کر دی ہے تاہم انہیں اسٹیبلشمنٹ سے معافی نہیں ملے گی۔

نیا دور ٹی وی پر ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار مزمل سہروردی نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما ذوالفقار بخاری اس وقت بہت مشکل میں ہیں اور وہ اسٹیبلشمنٹ سے کلین چٹ مانگ رہے ہیں۔ اسی لیے ذلفی بخاری نے ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ عمران خان لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید کو آرمی چیف لگانا چاہتے تھے اور عمران خان  کو احساس ہو گیا تھا کہ عثمان بزدار کو  پنجاب کا وزیر اعلیٰ مقرر کرنا ان کی غلطی تھی۔تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ ان تمام بیانات کے باوجود ذلفی بخاری کو کوئی ریلیف نہیں مل سکے گا۔

سپریم جوڈیشل کونسل  کی کارروائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) نے پیر کے روز جسٹس سردار طارق مسعود کے خلاف شکایت کو خارج کر دیا۔ کیوںکہ عدالت عظمیٰ کے جج کے خلاف دائر شکایت پر کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا۔ یہ ثابت ہو گیا ہے کہ جسٹس مسعود کے خلاف شکایت جعلی تھی۔ شکایت کنندہ آمنہ ملک کے شوہر ایڈووکیٹ سردار لطیف کھوسہ کے چیمبر میں کام کرتے ہیں۔

تجزیہ کار نے کہا کہ جسٹس طارق مسعود کو ایس جے سی سے کلین چٹ مل گئی ہے اور ان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم جسٹس سید محمد مظاہر علی اکبر نقوی خود کو احتساب سے نہیں بچاسکیں گے۔

سہروردی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پوری قانونی ٹیم جسٹس مظاہر نقوی کا دفاع کرنے کی کوشش کر رہی ہےلیکن جج جلد ہی ان کے مبینہ بدعنوانی کے لیے جوابدہ ہوں گے۔

شکایت کنندہ آمنہ ملک کے بارے میں بات کرتے ہوئے سہروردی نے کہا کہ آمنہ ملک کو جعلی شکایت درج کروانے پر جیل بھیجا جانا چاہیے اور ایسی مثال قائم کی جانی چاہیے کہ کوئی کسی جج کے خلاف جھوٹی شکایت کرنے کی جرات نہ کرے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے صاحبزادے مونس الٰہی کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں تجزیہ کار نے کہا کہ دونوں رہنما آئندہ عام انتخابات نہیں لڑیں گے۔ اس کے بجائے مونس کی والدہ اور اس کی خالہ بطور امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گی۔

مزمل سہروردی نے انکشاف کیا کہ کہا جارہا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف بلوچستان کے بعد خیبرپختونخوا کا دورا کریں گے لیکن نواز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ جلد اندرون سندھ اور کراچی کا دورہ کریں گے۔ جس کے تحت ن لیگ پہلے اندرون سندھ میں سیاسی پاور شو کرے گی تاکہ سندھ میں اپنی موجودگی دکھا سکیں۔ بعد ازاں کراچی کا دورہ کریں گے۔