دھماکا 4 منزلہ عمارت کے پہلے فلور پر ہوا اور عمارت کے نیچے ایک نجی بینک بھی واقع ہے جب کہ دھماکے کے نتیجے میں بلڈنگ گرنے سے اس کے نیچے کھڑی گاڑیاں بھی ملبے میں دب گئیں۔
پولیس کے مطابق بلڈنگ بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اس کے دو فلور مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں جب کہ دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں نجی بنک کا گارڈ بھی شامل ہے۔ جبکہ بنک کا پورا عملہ اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہےکہ مسکن چورنگی میں ہونے والا دھماکا قدرتی گیس لیکیج سے ہوا ہے اور جائے وقوعہ سے چولہے کا برنرملا ہے جو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کسی قسم کا کوئی بارودی مواد برآمد نہیں ہوا اور کسی دھماکا خیز ڈیوائس کے شواہد بھی نہیں ملے۔ ادھر سوئی نادرن گیس کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ دھماکہ گیس لیکج کی وجہ سے نہیں ہوا۔