Get Alerts

اگر آپ ایبسلیوٹلی ناٹ کہیں گے تو پھر قیمت بھی ادا کرنا پڑتی ہے: فواد چوہدری

اگر آپ ایبسلیوٹلی ناٹ کہیں گے تو پھر قیمت بھی ادا کرنا پڑتی ہے: فواد چوہدری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا پاکستان کا دورہ نہ کرنا ہائبرڈ وار کے ساتھ جڑا ہوا ہے اور اگر آپ ایبسلیوٹلی ناٹ کہیں گے تو پھر قیمت ہے جو آپ کو ادا کرنی پڑتی ہے لہٰذا سر اونچا رکھنا ہے تو اس کی قیمت بھی ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ایک سے 22 گریڈ کے افسران کے ہاؤس سیلنگ رینٹ میں 44 فیصد اضافے کی منظوری دی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے کہا ہے کہ اپوزیشن کو حکومتی فیصلے کو خوش آئند قرار دینا چاہیے جو انتخابی اصلاحات کے لیے کوشاں ہیں ورنہ حکومت کے لیے انتخابات میں دھاندلی کرنا کوئی مشکل بات نہیں ہوگی جبکہ اپوزیشن خود کہتی ہے کہ ادارے بھی ساتھ ہیں۔

وفاقی کابینہ سے متعلق پریس بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اعتراض کے ساتھ انتخابی اصلاحات پر بھی تجویز دینی چاہیے لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن کے لیے کرسیاں اوپر نہیں ہوئی بلکہ کرسیاں ان کے لیے نیچھے آئی ہیں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صرف پیسے بچانے کے لیے انتخابی اصلاحات پر سیاست کررہی ہے اگر آج ہم ان کو کہہ دیں کہ جو پیسے آپ کے پاس ہیں ان کا کوئی حساب کتاب نہیں ہوگا تو یہ سارے ریٹائر ہو جائیں گے۔

مہنگائی سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ جو ممالک گیس میں خود کفیل اور تیل درآمد کرتے ہیں، ان ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں تیل اور گیس کی قیمتیں کم ہیں انہوں نے کہا عالمی منڈی میں مہنگائی اور پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دراصل مہنگائی کا باعث ہے. فواد چوہدری نے کہا یہ تسلیم نہیں کروں گا کہ پاکستان میں لوگوں کی آمدنی نہیں بڑی، یہ تسلیم کروں گا کہ میڈیا کے ملازمین کی تنخواہیں نہیں بڑھی اور ان کے کئی مسائل کا سامنا ہے جبکہ کسان سمیت مزدور کی آمدنی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے میڈیا مالکان کو مخاطب کرکے کہا کہ حال ہی میں حکومت نے 75 کروڑ روپے تک ادائیگیاں کی ہیں اس لیے وہ میڈیا ورکرز کی تنخواہیں بڑھائیں علاوہ ازیں انہوں نے کہا سات ماہ میں صرف ایک کیس پولیو کا رپورٹ ہوا ہے جو باعث اطمین ہے اور امید ہے کہ یہ سلسلہ برقرار رہے. وزیر اطلاعات نے وفاقی کابینہ کے فیصلے سے متعلق بتایا کہ ایک سے 22 گریڈ کے سرکاری ملازمین کے ہاﺅس رینٹ میں 44 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ ازبکستان کے ساتھ خصوصی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور کاروبار برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ازبکستان کو بزنس ویزا لسٹ میں شامل کیا جارہا ہے۔

فوادچوہدری نے کہا کہ ہم وژن ہے کہ ٹرانس مزار شریف ٹرین بنانا چاہتے ہیں جو گوادر اور کراچی کو مزار شریف سے گزرتی ہوئی ٹرین ازبکستان میں جائے اس سلسلے میں ازبکستان سے بات چیت خوش آئند رہی ہے قبل ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ بورڈز کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے معاملے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے وکلا سے مشاورت کرے گی انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز کی جانب سے پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے سے پاکستان ٹیلی ویژن کو بھاری مالی نقصان ہوا ہے انہوں نے کہا کہ 'ہم ان دونوں بورڈز کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے وکلا سے مشاورت کریں گے پاکستان کے خلاف ایک مخصوص بین الاقوامی لابی مصروف عمل ہے لیکن ہمیں جھکانے کی خواہش رکھنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اس غلط فہمی کو جلد دور کرلیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا بیان انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے اگلے ماہ اپنی مرد اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں کو پاکستان بھیجنے کے فیصلے سے دستبرداری کے اعلان کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ خطے میں سفر کے حوالے سے ہمارے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ اگر ہم یہ دورہ جاری رکھتے ہیں تو اس سے ہمارے کھلاڑیوں پر دباﺅ بڑھے گا جو پہلے کووڈ-19 کے پابندیوں کے ماحول سے نمٹنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ہمارے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی ذہنی اور جسمانی صحت کی نگہداشت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم جن موجودہ حالات سے گزر رہے ہیں اس میں یہ مزید اہمیت اختیار کر جاتی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جمعہ کو نیوزی لینڈ نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ سے چند لمحے قبل ہی سیکورٹی خطرے' کے باعث دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی حکومت نے دورہ پاکستان انٹیلیجنس گروپ ”فائیو آئیز“ کی جانب سے ان کی ٹیم کو براہ راست خطرے کا الرٹ موصول ہونے پر ختم کیا گیا. واضح رہے کہ فائیو آئیز انٹیلی جنس اتحاد ہے جس میں آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ، امریکا اور برطانیہ شامل ہیں ان دوروں کی منسوخی کو صحافیوں، سیاستدانوں، کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز سمیت پاکستان میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی طرف سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔