Get Alerts

الیکشن کمیشن کا جنوری میں عام انتخابات کرانے کا اعلان

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبرکو شائع کی جائے گی جب کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات و تجاویز کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبرکو شائع کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کا جنوری میں عام انتخابات کرانے کا اعلان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جنوری کے آخری ہفتے میں الیکشن کروانے کا اعلان کردیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آج کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کروائے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبرکو شائع کی جائے گی جب کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات و تجاویز کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبرکو شائع کی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع ہونے کے 54 روز بعد عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروا دیے جائیں گے۔

گزشتہ روز  نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے قانون اور سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے ملک بھر میں 15 سے 25 جنوری کے درمیان عام انتخابات کےانعقاد کا امکان ظاہر کیا تھا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنور دلشاد کا کہنا تھا الیکشن کمیشن نے ساڑھے 12 کروڑ سے زائد ووٹرز کی فہرست جاری کر دی ہے، حلقہ بندیوں کا معاملہ 30 نومبر سے قبل مکمل ہو جائے گا اور 30 نومبر کو حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہو گا۔

معاون خصوصی کا کہنا ہے نوٹیفکیشن کے بعد سیکشن 57 کے تحت الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول جاری کرنے کا مجاز ہے۔ عام انتخابات کی تاریخ دینےکا اختیار صرف اور صرف الیکشن کمیشن کو ہے۔ کوئی ادارہ الیکشن کمیشن کے اختیارات میں مداخلت نہیں کر سکتا۔

کنور دلشاد کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 230 اور 222 کے تحت الیکشن کمیشن اپنے معاملات میں مکمل خودمختار ہے۔موجودہ حالات میں لگ رہا ہے کہ نومبر کے دوسرے ہفتے میں انتخابی شیڈول جاری ہو جائے گا۔   انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد توقع ہے کہ الیکشن 15 سے 25جنوری کے درمیان ہوجائیں گے۔

سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے نگران حکومت فنڈز کا استعمال آرٹیکل 224 کے تحت کر رہی ہے۔ آرٹیکل 224 کے تحت نگران حکومت کو فنڈز اور تعمیراتی کام کا مکمل اختیار ہے۔ نگران پنجاب حکومت کسی سیاسی جماعت کے تابع نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیاں 14 دسمبر کے بجائے 30 نومبر تک مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا۔