مافیا نے ملک کا ریپ نہیں بلکہ گینگ ریپ کیا ہے، صدر مملکت عارف علوی

مافیا نے ملک کا ریپ نہیں بلکہ گینگ ریپ کیا ہے، صدر مملکت عارف علوی
صدر مملکت عارف نے کہا ہے کہ اگر آئی پی پی پیز کے حوالے سے رپورٹ درست ہے تو مافیا نے ملک کا ریپ نہیں بلکہ گینگ ریپ کیا ہے۔

نجی ٹی وی سے خصوصی انٹرویو میں صدر مملکت عارف علوی نے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کرونا وائرس کے حوالے سے علما اور حکومت کے درمیان ہونے والے اتفاق رائے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان 20 نکات کی خلاف ورزی گناہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور علما میں جن 20 نکات پر اتفاق کیا گیا ہے ان کی خلاف ورزی گناہ ہے کیونکہ اجماع پر کوئی فیصلہ ہو جائے تو اس کی خلاف ورزی گناہ ہے۔

واضح رہے کہ رمضان المبارک میں اجتماعی نمازوں اور تراویح وغیرہ کے حوالے سے حکومت اور علما کے درمیان 20 نکات پر اتفاق کیا گیا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ آئی پی پیز کی مکمل رپورٹ 300 صفحات پر مشتمل ہے لیکن میں نے پہلے معاملے کی ایگزیکٹو سمری پڑھی اور وزیر اعظم صاحب سے کہا کہ اگر یہ رپورٹ صحیح ہے تو مافیا نے ملک کا ریپ نہیں بلکہ گینگ ریپ کیا ہے۔

خیال رہے کہ سال 2019 میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین محمد علی کی سربراہی میں ایک 9 رکنی کمیٹی قائم کی گئی تھی تاکہ وہ خصوصی طور پر انڈیپینڈینٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ مہنگی بجلی کے پیچھے کی وجوہات جان سکے۔

وفاقی کابینہ نے توانائی پیدا کرنے والے نجی اداروں (آئی پی پیز) سے متعلق رپورٹ کو منظر عام پر لانے کی منظوری دیتے ہوئے ایک تحقیقاتی کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔