Get Alerts

عمران خان اور بشری بی بی کی گرفتاری کی تیاری: ذرائع

عمران خان اور بشری بی بی کی گرفتاری کی تیاری: ذرائع
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو  گرفتار کرنے کی تیاری کر لی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو  گرفتار کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے۔ اسلام آباد میں ایف آئی اے کی خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی لاہور میں موجودگی سے متعلق معلومات حاصل کر لی گئیں۔ عمران خان اور ان کی اہلیہ کو زمان پارک سے گرفتار کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں لاہور روانہ کرنے کے لئے ایف آئی اے میں ہلچل کی کیفیت ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گرفتاری کے لئے خواتین پولیس کی نفری سے بھی مدد لی جائے گی۔ ممکنہ مزاحمت سے نمٹنے کی پیشگی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔ گرفتاری کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کو راولپنڈی منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس کے معاملے میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو 9 مارچ کو طلب کر لیا۔

نیب کی جانب سے 9مارچ کو سابق وزیراعظم عمران خان کو نیب جی-6 اسلام آباد کے دفتر میں دوپہر ڈھائی بجے پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔ نوٹیفکیشن میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خان میں ملے تحائف کے مکمل ریکارڈ اورتفصیلات اپنے ہمراہ لانے کی ہدایت بھی دی گئیں۔

نیب نے اپنے نوٹس میں عمران خان کو بطور وزیراعظم غیر ملکی معززین سے تحفے میں ملنے والی سات اشیاء کی فہرست بھی دی ہے جس میں پانچ رولیکس گھڑیاں، ایک آئی فون اور ایک گراف گفٹ سیٹ شامل ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے ان چیزوں کو ذاتی ملکیت کے طور پراستعمال کیا۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو نے 8 نومبر 2022 کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے خلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات شروع کی تھیں جس کے بعد کابینہ ڈویژن اور سرکاری توشہ خان سے عمران خان کے تحائف کا ریکارڈ حاصل کیا گیا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان پر توشہ خانہ کے تحائف لیتے ہوئے اشیاء کے کم ریٹ لگانے کا الزام ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن، سرکاری توشہ خانہ کے افسران کا ابتدائی بیان بھی قلمبند کیا گیا ہے۔ ڈی جی نیب راولپنڈی توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں۔