Get Alerts

لاہور ہائیکورٹ بارکے سالانہ انتخابات،پروفیشنل گروپ کے ملک آصف نسوانہ صدر منتخب

پروفیشنل گروپ کے صدارتی امیدوار ملک آصف نسوانہ 7 ہزار 50 ووٹ حاصل کر کے پاکستان کی سب سے بڑی بار کے صدر منتخب ہوئے،مدمقابل انڈیپینڈنٹ گروپ کے صدارتی امیدوار ثاقب اکرم گوندل 6 ہزار 4 سو 60 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے

لاہور ہائیکورٹ بارکے سالانہ انتخابات،پروفیشنل گروپ کے ملک آصف نسوانہ صدر منتخب

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں پروفیشنل گروپ کے صدارتی امیدوار ملک آصف نسوانہ 7 ہزار 50 ووٹ حاصل کر کے صدر منتخب ہوگئے ، ان کے مدمقابل انڈیپینڈنٹ گروپ کے صدارتی امیدوار ثاقب اکرم گوندل 6 ہزار 4 سو 60 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے ،اسی طرح نائب صدر کی نشست پر عبد الرحمن رانجھا 8 ہزار 2 سو 55 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے ۔

سیکرٹری کی نشست پر فرخ الیاس چیمہ نے 6 ہزار 8 سو 33 ووٹ حاصل کئے جبکہ سیکرٹری فنانس کی نشست پر حام بن شعیب کمبوہ بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے، بار کے الیکشن میں کل 13 ہزار 602 ووٹ کاسٹ کیے گئے،ہفتہ کے روز لاہور ہائیکورٹ میں انتخابات کے لیے سات پولنگ بوتھ قائم کیے گئے جبکہ بائیو میٹرک ووٹنگ کے لیے 120 کمپیوٹر نصب کیے گئے تھے ۔

چیئرمین الیکشن بورڈ شہزاد منڈ اور ڈپٹی چیئرمین محمد علی نے انتخابی عمل کی نگرانی کی،انتخابی نتائج کے اعلان ہوتے ہی کامیاب امیدواروں کے حامی نوجوان وکلا نے زبردست نعرہ بازی کی، جیت کی خوشی میں بھنگڑے ڈالے اور کامیاب امیدواروں کو اپنے کندھوں پر اٹھا لیا۔

 اس موقع پر نو منتخب صدر ملک آصف نسوانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری کامیابی آئین و قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی مضبوطی کے لئے جہدو جہد کرنے والے وکلاء کی کامیابی ہے، انہوں نے کہا کہ بار اور بنچ کو ساتھ لیکر چلیں گے، وکلا ء کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی مضبوطی کے لئے کام کریں گے ۔