Get Alerts

فیصل آباد میں موٹر سائیکل سوار شہری سے 15 کلو آٹے کا تھیلا چھین کر فرار

فیصل آباد میں موٹر سائیکل سوار شہری سے 15 کلو آٹے کا تھیلا چھین کر فرار
پنجاب کے شہر فیصل آباد میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو شہری سے آٹے کا تھیلا چھین کر فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوتے ہی ڈاکو موبائل فون اور نقدی چھوڑ کر آٹے کا تھیلا لوٹنے لگے، فیصل آباد کے علاقے قدرت آباد میں موٹر سائیکل پر سوار 2 ڈاکو شہری سے 15 کلو گرام آٹے کا تھیلا چھین کر فرار ہوگئے۔

متاثرہ شخص عمران حیدر کے مطابق ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر تھپڑ بھی مارے، عمران حیدر نے غلام محمد پولیس کو واقعے کی رپورٹ درج کرادی۔

دوسری جانب فیصل آباد میں آٹے اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں ٹیم نے گودام پر چھاپہ مار کر آٹے کی ڈھائی ہزار اور چینی کی 2 ہزار بوریاں برآمد کرلیں۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ برآمد آٹا اور چینی کو سرکاری ریٹ پر فروخت کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل جہانیاں کے علاقے میں چور 20 بوریاں گندم کی لے کر فرار ہوگئے تھے۔

آٹے کی چکی کے مالک کا کہنا تھا کہ جب صبح ملوں پر پہنچا تو تالے ٹوٹے ہوئے تھے اور بیس بوریاں گندم اور آٹے کی غائب تھیں، ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو شکایت کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا جارہا۔

واضح رہے کہ ملک میں آٹے کا بحران جاری ہے جبکہ کراچی، حیدرآباد اور لاہور جیسے بڑے شہروں میں آٹے کی فی کلو قیمت 70 روپے تک جاپہنچی ہے۔