قومی ہاکی ٹیم پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام

عمان کے شہر مسقط میں کھیلے گئے اولمپکس کوالیفائر ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے میچ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو 2-3 سے شکست دیکر ایونٹ میں براؤنز میڈل حاصل کرلیا۔

قومی ہاکی ٹیم پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام

قومی ہاکی ٹیم نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد پیرس اولمپکس کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔ 

کوالیفائی راؤنڈ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈنے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے دی۔ چار مرتبہ کا ورلڈ چیمپئن، تین مرتبہ کا اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور تین مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کا فاتح مسلسل تیسری مرتبہ اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا ہے۔

عمان کے شہر مسقط میں کھیلے گئے اولمپکس کوالیفائر ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے میچ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو 2-3 سے شکست دیکر ایونٹ میں براؤنز میڈل حاصل کرلیا۔

پاکستان نے ایونٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی جبکہ ٹورنامنٹ کی ٹاپ تھری ٹیموں جرمنی، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے پیرس اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

عمان کے شہر مسقط میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی۔

لیکن دوسرے کوارٹر کے آغاز  میں ابوبکر محمود  نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے پاکستان کو برتری دلادی ۔

تاہم 6 منٹ بعد نیوزی لینڈ کے سکاٹ بوائیڈ نے مقابلہ برابر کردیا۔

اگلے ہی لمحے پاکستان کو پنالٹی سٹروک ملا جس پر ابوبکر محمود نے گول کرکے ایک بار پھر   پاکستان کو برتری دلادی۔

پاکستان کی 1-2 کی برتری آخری کوارٹر کے آخری چند منٹ تک برقرار  تھی لیکن فیصلہ کن وسل سے 8 منٹ قبل نیوزی لینڈ کے ہیگو اینگلس نےگول کرکے مقابلہ 2-2 کیا اور  پھر 58 ویں منٹ میں سکاٹ بوائیڈ  نے گول داغ کر نیوزی لینڈ کو 2-3 کی برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار  رہی۔

اس طرح   پاکستان تیسری پوزیشن کا میچ 2-3 سے ہار گیا اور  ایک بار پھر اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا۔

پاکستان ہاکی ٹیم اس سے قبل ریو ڈی جنیرو اور  ٹوکیو اولمپکس کے لیے بھی کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔