Get Alerts

کاغان میں پسند کی شادی کے خواہشمند لڑکا لڑکی غیرت کے نام پر قتل

کاغان میں پسند کی شادی کے خواہشمند لڑکا لڑکی غیرت کے نام پر قتل
خیبرپختونخوا میں کاغان کے علاقے موضع پٹیاں جرید میں غیرت کے نام پر لڑکی اور لڑکے کو قتل کر دیا گیا۔

اطلاع ملنے پر تھانہ کاغان پولیس فوراً جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوئی۔ جائے وقوعہ پر پہنچ کر عارف خان کے مکان کے کمرہ میں مقتولین عامر ولد عارف خان اور لائبہ بی بی دختر شاہد عمر کو خون میں لت پت موجود پایا گیا۔

وقوعہ کے بارے میں مقتولین کے ورثا کی طرف سے کوئی بھی رپورٹ درج نہیں کرائی گئی تاہم پولیس نے دوہرے قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمہ تھانہ کاغان میں واجد خان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ مقتولین عامر اور لائبہ بی بی ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے اور شادی کرنا چاہتے تھے۔ مقتولہ گذشتہ 2 ماہ سے اپنی والدہ کے ہمراہ اپنے ماموں کے گھر پٹیاں جرید میں رہائش پذیر تھی۔

ڈی پی او مانسہرہ صادق بلوچ نے دوہرے قتل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او سرکل بالاکوٹ مراد خان اور ایس ایچ او تھانہ کاغان واجد علی کو مقدمہ میں نامزد ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔ جس پر ایس ایچ او تھانہ کاغان نے ہمراہ نفری پولیس کے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ میں نامزد 3 ملزمان شاہد ولد علی بہادر، عارف خان ولد عبدالغنی اور شاہد ولد محمد جی کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

باقی 2 ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس کا مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مقدمہ میں گرفتار ملزمان کو مزید حراست کے لئے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔