پاکستان تحریک انصاف کی ٹائیگر فورس نے 27 مارچ کے جلسے کے لیے ڈنڈے تیار کر لیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کی ڈنڈا بردار ٹائیگر فورس تیار کر لی گئی۔ا یک ہزار ڈنڈوں پر پی ٹی آئی کا پرچم پینٹ ہو گیا۔'
سماء نیوز کے مطابق ڈنڈوں پر کیل بھی لگائے گئے ہیں۔سیکڑوں ٹائیگر فورس اہلکار جلوس میں سیکیورٹی سنبھالیں گے۔
فیصل آباد میں ٹائیگر فورس کی جانب سے 27 مارچ کے جلسے کے لیے ڈنڈے تیار کرلیے گئے، مقامی رہنما تحریک انصاف عتیق الرزاق لکی شاہ کے ڈیرے پر ڈنڈوں کی تیاری کا سلسلہ جاری ہے۔
مقامی رہنماوں کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت کے کارکنان جلسے کے لیے پوری طرح سے تیار ہیں۔ جلسے میں ٹائیگر فورس سکیورٹی معاملات سنبھالے گی۔ جلسہ خراب کرنے کی سوچ رکھنے والوں کے لیے ڈنڈے تیار کیے ہیں۔
علاوہ ازیں اپوزیشن سے مقابلے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی راجہ اظہر نے ’انصاف سیلف ڈیفنس فورس‘ تیار کرلی۔ راجہ اظہر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں موسم بڑا گرم ہے، اور سندھ کے پرس اٹھانے والے ایک وزیر کہتے ہیں کہ یہاں گورنر ہاؤس اور قصر ناز بھی ہے۔ کہتے ہیں اسلام آباد کے سندھ ہاؤس پر حملہ کیاگیا تو گورنر ہاؤس اور قصر ناز پر بھی حملہ کریں گے۔
https://twitter.com/FaizullahSwati/status/1505924273793376266
میں انہیں بتا دینا چاہتا ہوں کہ سندھ دھرتی ہماری بھی ماں ہے اگر آپ کو گورنر ہاؤس اور قصر ناز یاد ہے تو پھر یاد رکھئے گا کہ ہمارے ٹائیگرز بلاؤل ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس جانا بھی جانتے ہیں۔اسلام آباد میں اگر کسی نے ہماری لیڈر شپ یا کارکنان پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو ہمارا کارواں تیار ہے جو آپ کو بتائے گا کہ سیلف ڈیفینس کیا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 مارچ کو اسلام آباد میں جلسے کی جگہ تبدیل کر دی تھی ۔تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں جلسے کا مقام تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈی چوک میں جگہ کم پڑنے کے سبب پریڈ ایونیو میں جلسہ کیا جائے گا۔انہوں نے لکھا کہ ڈی چوک والی جگہ جلسہ کیلئے چھوٹی پڑجائے گی پریڈ ایونیو کے لئے انتظامیہ کودرخواست دی ہے ،ملک بھر سے بڑی تعدادمیں لوگ اسلام آبادپہنچ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے جلسے کے لیے ویسے بھی اب ڈی چوک چھوٹی جگہ پڑ جائے گی جس تعداد میں عوام آ رہے ہیں ،پریڈ ایونیو مناسب جگہ رہے گی ، یہ جلسہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا، انشا اللہ پوری قوم کا اعتماد وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے ،ان شا اللہ اپوزیشن کی شکست یقینی ہے ۔فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ فیصلہ کن گھڑی آن پہنچی ہے قوم نے فیصلہ کرلیا ہے ،اپوزیشن کاشکریہ ، ان کی وجہ سے ہمارا سویا کارکن جاگ گیا، منحرف اراکین کے خاندانوں،حلقوں سے بھی ردعمل آرہاہے۔