Get Alerts

''پلیٹلیٹ کم ہونے کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتا ہے''

''پلیٹلیٹ کم ہونے کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتا ہے''
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف صحت کے مسائل کا شکار ہیں جس کی وجہ سے انہیں طبی معائنے کیلئے سروسز ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹلیٹس کی تعداد صرف 12 ہزار رہ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے میاں نواز شریف سے ملاقات کی، جس کے بعد انہوں نے ٹویٹس کے ذریعے اپنے پیغام میں کہا کہ میاں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس تسلی بخش نہیں ہیں، انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جانا چاہیے۔ جس کے بعد نواز شریف کو لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سابق وزیراعظم کا علاج جاری ہے۔



دوسری جانب لندن میں مقیم سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا ہے کہ پلیٹلیٹس کم ہونے کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتی ہے۔ حسین نواز نے ڈاکٹر عدنان کی ٹویٹ کے جواب میں لکھا کہ پلیٹلیٹس کم ہونے کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتی ہے جو ایک یا دوسری صورت میں دیا جا رہا ہو۔



حسین نواز کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو شبے کا فائدہ نہ دیں، اگر والد کو کوئی نقصان پہنچا تو آپ جانتے ہیں کون لوگ اس کے ذمہ دار ہوں گے۔



اس کے بعد حسین نواز نے ایک اور رپورٹ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ آج کا نہیں بلکہ بہت عرصے سے طے شدہ طبی معاملہ ہے کہ پلیٹلیٹس کی کمی کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف چوہدری شوگر مل کیس میں نیب کی حراست میں ہیں جبکہ احتساب عدالت کی جانب سے انہیں العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔