الیکشن کمیشن آف پاکستان اور انٹرنیشنل فاؤنڈیشن فار الیکٹورل سسٹم کی جانب سے 'ڈسیبلٹی رائٹس اور الیکشنز' کے عنوان سے تین روزہ برج ورکشاپ کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد کی گئی۔
ورکشاپ کا افتتاح جوائنٹ پرووینشل الیکشن کمشنر (ایڈمن) جناب نظر عباس نے کیا۔ افتتاحی خطاب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان انکلیوزو الیکشنز پر یقین رکھتا ہے اور ہمارا مقصد معاشرے کے تمام پسماندہ طبقات کو ووٹنگ کے عمل میں شامل کرنا ہے۔ یہ ورکشاپ بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اسی مقصد کی کڑی ہے۔ انہوں نے ورکشاپ میں آنے والے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ یہ تین روزہ ورکشاپ معذور افراد کو درپیش مسائل سمجھنے اور ان کے حل کے لیے جامع حکمت عملی بنانے میں مددگار ثابت ہو گی۔
ورکشاپ میں سندھ بھر سے 25 شرکا شامل تھے جن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے دو ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز اور تین الیکشن آفیسرز شامل تھے۔ ان کے علاوہ مختلف این جی اوز، معذور افراد کی تنظیموں کے نمائندوں، انسانی حقوق و سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد اور حکومت سندھ کے ادارہ برائے افراد باہم معذوری کے نمائندے نے شرکت کی۔
ورکشاپ میں برج ٹریننگ کے مکمل ماڈیولز کو باریکی سے پڑھایا گیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے افسران ریجنل الیکشن کمشنر لاڑکانہ عبدالواحد، ڈپٹی ڈائریکٹر جینڈر اینڈ سوشل انکلیوژن سید عبداللہ شاہ، IFES کی سینئر پروگرام مینجر کلثوم اختر، ٹریننگ آفیسر اسلم بروہی اور انٹرنیشنل ٹرینر مسٹر پائول نے آنلائن ٹریننگ دی۔ ورکشاپ میں معذور افراد کو ووٹنگ کے عمل میں درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دینے اور شرکا کی جانب سے دی گئی تجاویز کو زیر غور لایا گیا۔ ورکشاپ میں ٹرینرز نے مختلف سیشنز لیے جس میں ماڈلز آف ڈسیبلٹی، ٹری آف رائٹس، پرنسپلس آف ڈسیبلٹی رائٹس، ڈیفینیشن اینڈ آئس بریکر وغیرہ جیسے موضوعات پہ روشنی ڈالی گئی۔
علاوہ ازیں ورکشاپ میں شرکا سے مختلف سرگرمیاں بھی کروائی گئیں۔ الیکشن ڈے پر معذور افراد کو پیش آنے والی تکالیف پر ٹیبلو بھی پیش کیا گیا۔ اس کے ساتھ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے افراد باہم معذوری کے لیے ووٹنگ کے عمل کو آسان بنانے کے لیے کی گئیں کاوشوں پر بریف پریزنٹیشن بھی دی گئی۔
ورکشاپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی جوائنٹ پروونشل الیکشن کمشنر (الیکشنز) علی اصغر سیال تھے۔ اختتامی تقریب میں ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان محروم طبقات کو ووٹنگ کے عمل کا حصہ بنانے کے لیے مصروف عمل ہے جس کے لیے ضلعی سطح پر خصوصی طور پہ ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جو مہینے میں ایک بار ووٹ سے متعلق آگاہی اور ووٹ رجسٹریشن سے متعلق سیمینارز اور میٹنگ منعقد کر کے رپورٹ ہیڈکوارٹرز بھجوانے کی پابند ہیں۔
اس کے ساتھ صوبائی سطح پر بھی پروونشل ووٹنگ ایجوکیشن کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں نادرا، محکمہ تعلیم، سوشل ویلفیئر ڈپارٹمینٹ، ہیومن رائٹس کمیشن اور متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہیں جس میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ بڑھانے کے لیے تجاویز مرتب کی جاتی ہیں اور اسی سلسلے میں یونیورسٹیوں، کالجز اور سکولز میں بھی ووٹ کی اہمیت اور آگاہی پر سیمینار منعقد کروائے جاتے ہیں۔
مہمان خصوصی نے شرکا کو کامیابی سے ورکشاپ مکمل کرنے پر مبارک باد دی، ٹرینرز کی محنت کو سراہا اور ورکشاپ مکمل کرنے والے تمام شرکا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔