پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں میزائل کا کامیاب تجربہ

پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں سمندر سے سمندر اور سمندر سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ وائس چیف آف نیول سٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کامیاب میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا، پاک بحریہ نے فاسٹ اٹیک کرافٹ سے سمندر سے زمین پر میزائل فائر کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ میزائل مقامی سطح پر تیار کیا گیا ہے جس نے کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔ پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا، یہ میزائل سمندر سے سمندر اور سمندر سے زمین پر مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔



پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا، میزائل کا حالیہ تجربہ پاکستان کی جدید اسلحہ سازی کی استعداد اور پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وائس چیف آف نیول سٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے میزائل تجربے کے دوران پاک بحریہ کے فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے میزائل سسٹم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے انجینئرز اور ریسرچرز کی خدمات کو بھی سراہا۔