سری لنکا دھماکوں میں ڈینش ارب پتی کے تین بیٹے ہلاک

سری لنکا دھماکوں میں ڈینش ارب پتی کے تین بیٹے ہلاک
کوپن ہیگن: ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے ایک ارب پتی کے تین بچے بھی سری لنکا میں ہونے والے خودکش دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔

ڈنمارک کی  فیشن کمپنی بیسٹ سیلرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہونے والے حملوں میں کمپنی کے سی ای او اینڈرس ہولک پاولسین نے اپنے تین بچوں کو کھودیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس انڈرس کے بیٹوں کی موت کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں۔ ہم تمام لوگوں سے متاثرہ خاندان کی پرائیویسی کے احترام کا تقاضا کرتے ہیں

انڈرس کے پاس اسکاٹ لینڈ میں دو لاکھ ایکڑ قیمتی اراضی موجود ہے۔ اس کے علاوہ ‘بیسٹ سیلر’ کے نام سے ملبوسات کی ایک چین بھی اس کی ملکیت ہے۔ برطانیہ میں”اسوس“ کے نام سے ایک آن لائن شاپنگ سینٹر چلانے کے ساتھ ملبوسات کاسمیٹک کا بھی کاروبار کرتے ہیں۔

عالمی ذرائع ابلاغ نے انڈرس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ انڈرس کی دولت پانچ ارب 70کروڑ ڈالرہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا بھر میں گرجا گھروں اور لگژری ہوٹلز پر ہونے والے بم حملوں میں کم از کم 290 افراد ہلاک اور 500 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔

دھماکوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں چار پاکستانی شہری بھی شامل تھے ، زخمی ہونے والے پاکستانیوں میں ماہین حسن زوجہ حسن محمود، مزنہ ہمایوں ولد چوہدری محمد ہمایوں، عاتکہ عاطف زوجہ چوہدری عاطف شریف شامل ہیں جبکہ ایک پاکستانی بچہ بھی معمولی زخمی ہوا ۔