Get Alerts

آرمی چیف کی ایرانی صدر سے ملاقات، پاک ایران سرحد پر باہمی رابطے مضبوط کرنے پر زور 

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی استحکام اور اقتصادی خوشحالی کے لیے مشترکہ کوشش کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔

آرمی چیف کی ایرانی صدر سے ملاقات، پاک ایران سرحد پر باہمی رابطے مضبوط کرنے پر زور 

آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ملاقات کے دوران پاک فوج کے سپہ سالار نے دونوں ممالک کے درمیان موجود سرحد کے ساتھ بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ دہشت گردوں کو دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو خطرے میں ڈالنے سے روکا جا سکے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی استحکام اور اقتصادی خوشحالی کے لیے مشترکہ کوشش کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔

آرمی چیف نے سرحد کے ساتھ بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دہشت گردوں کو دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو خطرے میں ڈالنے سے روکا جا سکے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ دونوں مسلح افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دے کر پاکستان اور ایران دونوں اقوام اور خطے کے لیے امن و استحکام حاصل کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

علاوہ ازیں پیر کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد وحیدی اور ایرانی وزیر قانون امین حسین رحیمی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں سکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی، سمگلنگ، بارڈر منیجمنٹ، پاکستانی زائرین کیلئے سہولتوں اور قیدیوں کے تبادلے سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے انتہائی اہم ہے، پاکستانی قوم ایرانی صدر اور ان کے وفد کا پاکستان آمد پر بھرپور خیر مقدم کرتی ہے۔

ملاقات میں دونوں ملکوں کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں پر پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ اور کہا گیا کہ دہشت گردی دونوں ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ 

پاکستان اور ایران نے اپنے اپنے ملکوں میں سرحد پار دہشت گردی کرنے والی تنظیموں پر دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا اور اس سلسلے میں باہمی معاونت کو مزید بہتر بنانے اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بھی گفتگو ہوئی۔

سرکاری میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے مابین سکیورٹی معاہدے پر بھی جلد از جلد دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

محسن نقوی اور ڈاکٹر واحدی نے سرحدی انتظام میں تعاون بڑھانے اور منشیات اور دیگر اشیا کی سمگلنگ کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

پاکستان کے وزیر داخلہ نے کہا کہ سمگلنگ دونوں ممالک کے لیے معاشی نقصان کا باعث ہے اور بارڈر مینجمنٹ کے ذریعے اس کی روک تھام سے باہمی تجارت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

دونوں فریقوں نے سرحدی بازاروں کو جلد از جلد فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات میں پاکستانی زائرین کو ایران میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ ہوا۔

ایرانی وزیر داخلہ نے اس ضمن میں پاکستانی ہم منصب کو ایران کے دورے کی دعوت دی۔ اور کہا کہ اس موقعے پر عراقی ہم منصب کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے ایران کے دورے کی دعوت پر اپنے ہم منصب کا شکریہ کیا۔

دونوں اطراف نے قیدیوں کے جرمانے معاف کر نے پر اتفاق کیا۔ پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ میرا مقصد ہے کہ ان قیدیوں کی اپنے وطن جلد از جلد واپسی ممکن ہو۔