امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کے معاملات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
امریکی محکمہ خارجہ نے انسانی حقوق رپورٹ 2023 جاری کر دی۔ انسانی حقوق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال میں خاطر خواہ تبدیلی نہیں آ سکی۔ عسکری تنظیمیں اور غیر ریاستی عناصر تشدد میں ملوث ہیں۔
رپورٹ کے مطابق غیر ریاستی عناصر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔ پاکستان میں 2023 میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ شہریوں، پولیس اور فوج پر دہشت گرد حملے کیے جا رہے ہیں۔ سرحد پار سے دہشت گرد حملوں میں سیکڑوں ہلاکتیں ہوئیں۔ پاکستان عسکریت پسندوں، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
امریکی انسانی حقوق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ماورائے عدالت ہلاکتوں کے بھی شواہد ہیں۔ سیاسی کارکنوں اور اہل خانہ پر تشدد کے بھی شواہد موجود ہیں۔ پاکستان میں انسانی حقوق کی بہتری کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 9 مئی کے بعد سابق وزیر اعظم سمیت متعدد افراد پر مقدمے ہوئے۔ 9 مئی کے دہشت گردی کے مقدمات پر انسانی حقوق کی تنظیمیں تحفظات کا اظہار کر چکی ہیں۔ اہم سیاسی قیدیوں کے مقابلے میں عام سیاسی کارکن کو جیلوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
امریکی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سماجی اور مذہبی عدم برداشت سے لاقانونیت بڑھی ہے۔میڈیا پر پابندیاں ہیں۔ صحافی گرفتار یا لاپتا بھی کیے گئے، اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف ایکشن نہیں ہوا۔