Get Alerts

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کا بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا اعلان

کنگنا رناوت ہندوانتہاپسند بی جے پی اور بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی مسلمان دشمن پالیسیوں اور اقدامات کی کھل کر حمایت کرتی ہیں۔

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کا بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا اعلان

بولی وڈ کی سکینڈل کوئین کہلانے والی اداکارہ کنگنا رناوت نے ہندو انتہا پسند بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔ اداکارہ اگلے سال بھارت میں ہونے والے عام انتخابات 2024 میں الیکشن لڑ کر اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کریں گی۔

اداکارہ کنگنا رناوت کے والد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کنگنا رناوت 2024 میں بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیں گی۔ اداکارہ اس سلسلے میں بی جے پی کے مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کرچکی ہیں۔

کنگنا نے پہلے بھی کچھ میڈیا انٹرویوز میں سیاست میں آنے کا اشارہ دیا تھا۔ نومبر کے شروع میں کنگنا رناوت نے ایک اخبار سے بات کرتے ہوئے آئندہ لوک سبھا انتخابات لڑنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

کنگنا رناوت ہندوانتہاپسند بی جے پی اور بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی مسلمان دشمن پالیسیوں اور اقدامات کی کھل کر حمایت کرتی ہیں اور اکثر بیانات میں مسلمانوں کے خلاف ہرزہ سرائی کرتی ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کنگنا رناوت جلد ہی ایک سوانحی تاریخی ڈراما فلم ’ایمرجنسی‘ میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ یہ فلم 1975 اور 1977 کے درمیان بھارت میں لگنے والی ایمرجنسی پر مبنی ہے۔