Get Alerts

اسلام آباد سے مسلم لیگ ن کے 3 ممبر قومی اسمبلی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن بحال

19 فروری کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں سےکامیاب ہونے والے مسلم لیگ ن کے تین امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن معطل کیے تھے۔

اسلام آباد سے مسلم لیگ ن کے 3 ممبر قومی اسمبلی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن بحال

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے لیگی امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کردیا ہے۔ 

الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے حلقے این اے 46، 47 اور 48 سے مسلم لیگ ن کے امیدواروں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل اور مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار راجا خرم نواز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

میڈیا سے گفتگو میں ن لیگ کے رہنما  طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تینوں حلقوں کے حوالے سےپروپیگنڈا کیا جاتا رہا۔ فراڈ اور پروپیگنڈا سے پی ٹی آئی نے نوٹیفیکیشنز رکوائے۔  ہم آج اپنے فارم 45 لائے ہیں۔ اب عدالتوں نے ثابت کرنا ہے کہ کس کے فارم 45 اصلی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے کہتے تھے سازش میں ملوث ہیں آج مدد مانگ رہے ہیں۔  آپ نے نوجوانوں کو گمراہ کیا آج ان کا ٹرائل ہورہا ہے۔

راجہ خرم نواز نے مخالفین کو عدالتوں سے رجوع کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آر او آفس نے کسی کو نہیں روکا۔ ان کا راستہ ہم سب نے روکنا ہے۔

انجم عقیل کا کہنا تھا کہ   سازش کے ذریعے ایک سیاسی پارٹی بنائی گئی۔ کبھی کہتے ہیں امریکا نے ہمیں پارلیمنٹ سے نکالا کبھی آئی ایم ایف کو کہتے ہیں کہ قرضہ نہ دو۔ کامیاب امیدواروں نے فارم 45 بھی میڈیا کے سامنے پیش کیے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

واضح رہے کہ 19 فروری کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں سےکامیاب ہونے والے مسلم لیگ ن کے تین امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن معطل کیے تھے۔

ہائیکورٹ نے اسلام آباد کے حلقوں کے انتخابی نتائج کے خلاف شعیب شاہین، علی بخاری اور دیگر کی انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے ن لیگی امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن معطل کیے تھے۔

بعد ازاں 21 فروری کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسلام آباد کے تین حلقوں سے کامیاب امیدواروں کی الیکشن میں کامیابی کے نوٹیفکیشنز کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

 جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وکیل درخواست گزار سے کہا کہ عدالت کامیابی کے نوٹیفکیشن کو الیکشن کمیشن کے درخواستوں پر فیصلے سے مشروط کر دیتی ہے۔

الیکشن کمیشن اس سے زیادہ منصفانہ آپکے ساتھ کیا ہو گا؟ وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ اگر الیکشن کمیشن اپنا نوٹیفکیشن واپس لے لے تو ہم منصفانہ کہیں گے۔

اسلام آباد کے تینوں حلقوں کے کامیابی کے نوٹیفکیشنز اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے سے مشروط کرتے ہوئے درخواستیں نمٹا دی تھیں۔