Get Alerts

پنجاب اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

پنجاب اسمبلی میں آج 313 اراکین نے حلف اٹھایا ہے جن میں سنی اتحاد کونسل کے 98 اور مسلم لیگ ن کے 201 ارکان شامل ہیں۔اراکین نے حلف اٹھانےکےبعد رجسٹرپردستخط کیے۔

پنجاب اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

عام انتخابات 2024 کے نتیجے میں بننے والی   پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے نومنتخب اراکینِ اسمبلی نے حلف اُٹھا لیا ہے۔ صوبائی اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کل ہوگا۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے بُلایا جانے والا اجلاس 2 گھنٹے 18 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا جس کے کچھ دیر بعد نمازجمعہ کا وقفہ کردیا گیا۔ وقفے کے بعد سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے اراکین سے حلف لیا۔

سپیکر سبطین خان نے حلف لینے کے بعد ارکان کو مبارکباد دی۔

پنجاب اسمبلی میں آج 313 اراکین نے حلف اٹھایا ہے جن میں سنی اتحاد کونسل کے 98 اور مسلم لیگ ن کے 201 ارکان شامل ہیں۔اراکین نے حلف اٹھانےکےبعد رجسٹرپردستخط کیے۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر کے نہ پہنچنے کے باعث تاخیرکا شکار ہوا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

اسمبلی کے سیکریٹری کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کل ہوگا۔

ایوان میں اکثریت رکھنے والی پاکستان مسلم لیگ ن کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کی جانب سے ملک احمد خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی بنائے جانے کا امکان ہے۔

صوبائی اسمبلی میں کیے گئے اعلان کے مطابق سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب سے قبل امیدواران اپنے کاغذات نامزدگی آج شام پانچ بجے سے پہلے اسمبلی کے سیکریٹری کے پاس جمع کروائیں گے۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل بھی آج ہی مکمل کیا جائے گا۔ اسمبلی کے سیکریٹری کے مطابق ہفتے کے روز سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے تحت ہوگا۔

اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے دو پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔

اجلاس سے قبل مسلم لیگ ن کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ اسمبلی چیمبر میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت نامزد وزیراعلیٰ پنجاب   مریم نواز نے کی۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کے ارکان اسمبلی کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی نے مخصوص نشستیں نہ ملنے پر احتجاج کرنے کا  فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات 2024 کے نتیجے میں نئی پنجاب اسمبلی منتخب ہوئی ہے۔ مسلم لیگ ن نے وزیراعلی پنجاب کےانتخاب کے لئے مریم نواز کو امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ  تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل نے میاں اسلم اقبال کو وزیراعلی کے لئے امیدوار نامزد کیا ہے۔