سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی اکثریت ہوتے ہوئے بھی عدم اعتماد ناکام ہوئی، بلاول تعداد ظاہر کریں: احسن اقبال

سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی اکثریت ہوتے ہوئے بھی عدم اعتماد ناکام ہوئی، بلاول تعداد ظاہر کریں: احسن اقبال
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)  سمجھتی ہے کہ  اگر بلاول بھٹو زرداری کے پاس عدم اعتماد کی تحریک لانے کے لیے مطلوبہ تعداد موجود ہے تو انہیں یقینی طور پر ظاہر کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے  سینیٹ انتخاب میں دیکھا جہاں پیپلز پارٹی اکثریت میں تھی لیکن  عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہیں ہوسکی لہذا صرف ایک ہی راستہ ہے جس پر ہمیں چلنا چاہیے اور وہ یہ ہے کہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن لانگ مارچ کو آگے بڑھایا جائے۔

ان کا کہنا ہےکہ اب ایک ہی راستہ ہے،حکومت کےخلاف فیصلہ کن لانگ مارچ کا ، جس پر چلنا چاہیے، حکومت کے خلاف فیصلہ کن لانگ مارچ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاناما بھی فراڈ تھا اور براڈ شیٹ بھی فراڈ ہے، حکومت صرف توجہ ہٹانےکے لیے براڈ شیٹ، براڈ شیٹ کر رہی ہے ۔

مارچ کا مہینہ مارچ کے لیے اچھا ہے،حکومت کے خلاف فیصلہ کُن مارچ ہونا چاہیے۔

انہوں نے جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت کو مشورہ دیا کہ وہ خود کو براڈ شیٹ کمیٹی سے علیحدہ کرلیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت گرانے کیلئے بلاول نے اپوزیشن اتحاد کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اتحادیوں کو منائيں گے کہ حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے جمہوری و آئینی طریقہ تحریک عدم اعتماد ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ جب اپنی حکمت عملی پر اتحادیوں کو منالیں گے تو ہماری چائے کی دعوت سے بھی حکومت اتنا گھبرا جائے گی جتنا 10، 10 جلسوں سے نہیں گھبراتی.