تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور دنیا کے بہترین فاسٹ بولر وسیم اکرم کے ساتھ مانچسٹر ائیرپورٹ عملے نے ناروا سلوک کیا۔ وسیم اکرم نے مانچسٹر ایئرپورٹ کے عملے کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ مانچسٹر ائیرپورٹ پر عملے کا رویہ بہت افسوسناک تھا۔
وسیم اکرم نے بتایا کہ وہ دنیا بھر میں سفر کے دوران ذیابیطس کی انسولین ساتھ رکھتے ہیں تاہم مانچسٹر ائیرپورٹ کے عملے نے ان سے لوگوں کے سامنے بد تمیزی کے ساتھ انسولین باضابطہ پاؤچ سے باہر نکالنے کا کہا اور کہا گیا کہ انسولین کولڈ باکس سے نکال کر پلاسٹک بیگ میں رکھیں۔ سوئنگ کے سلطان نے مزید لکھا کہ میں یہ نہیں سمجھتا کہ مجھ سے دوسرے لوگوں کی نسبت مختلف سلوک کیا جانا چاہیے، میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ تمام لوگوں سے روا رکھے جانے والے سلوک کا معیار بلند ہونا چاہیے، میں سمجھتا ہوں کہ ائیرپورٹ پر مناسب سیکیورٹی تدابیر اپنائی جاتی ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان سے گزرنے والے شخص کی تذلیل کی جائے۔
Very disheartened at Manchester airport today,I travel around the world with my insulin but never have I been made to feel embarrassed.I felt very humiliated as I was rudely questioned & ordered publicly to take my insulin out of its travel cold-case & dumped in to a plastic bag pic.twitter.com/UgW6z1rkkF
— Wasim Akram (@wasimakramlive) July 23, 2019
وسیم اکرم کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر یہ مسئلہ اجاگر کرنے کے بعد مانچسٹر ائیرپورٹ کے آفشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے وسیم اکرم کو جواب دیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ہمارے علم میں لانے کا شکریہ، کیا آپ ڈائریکٹ میسج کرسکتے ہیں تاکہ ہم اس معاملے کو حل کرسکیں؟
اس کے جواب میں وسیم اکرم نے فوری نوٹس لینے پر مانچسٹر ائیرپورٹ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔