پاکستان میں طاقت کے مراکز بھی آم کی اس قوت کا فائدہ اٹھاتے نظر آتے ہیں۔ حتیٰ کہ اسی پھل پر الزام ہے کہ اس کی پیٹیوں نے ملک کے ایک طاقتور سربراہ کی جان بھی لے لی تھی۔ تاہم اس بار معاملہ ہے تو سیاسی خاندان کا ہی لیکن ابھی تک اسکی گتھیاں سلجھ نہیں سکی ہیں۔
زرداری خاندان کی جانب سے عرب دنیا میں فیشن آئیکن اور میک اپ سٹارعراقی خاتون مونیٰ قطان کو آموں کا تحفہ بھجوایا گیا ہے جس پر وہ بے حد خوش ہیں اور انہوں نے انہی خوشی کے جذبات کا اظہار اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس کے ذریعئے کیا ہے۔ مونیٰ قطان مشہور میک اپ برانڈ ہدیٰ قطان کی شریک بانی ہیں اور فیشن انڈسٹری میں اپنی پہچان رکھتی ہیں۔
انکی جانب سے شئیر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آم کے کریٹس دکھا رہی ہیں جن پر زرداری خاندان کے نام درج ہیں اور انکی پیکنگ پر بلاول ہاوس کا لیبل لگا ہے اور خصوصی چٹھی میں آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، بختار اور آصفہ کی جانب سے تہنیتی پیغام میں بتایا گیا ہے کہ یہ آم ٹنڈو اللہ یار میں اپنے فارم ہاؤس میں لگے آم ہیں۔
مونی قطان نے زرداری فیملی کا آم بھجوانے پر شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں آم بہت پسند ہیں۔
یاد رہے کہ اس وقت عام طور پر بین الاقوامی رابطے مسدود ہیں، فلائٹس معطل ہیں جبکہ بحری سفر بھی متاثر ہے۔ ایسے میں جب ہزاروں پاکستانی باہر پھنسے ہوئے ہیں اوہ وہ سفر نہیں کر سکتے ان آموں کے سرحد پار فوری طور پر پہنچنے پر سوشل میڈیا صارفین نے تعجب کا اظہار کیا ہے۔