کرونا وائرس: نجی کمپنی کے سینکڑوں ملازمین کی زندگیاں خطرے سے دوچار

کرونا وائرس: نجی کمپنی کے سینکڑوں ملازمین کی زندگیاں خطرے سے دوچار
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے I-10 سیکٹر میں واقع کال سنٹر ٰIBEX کے ملازمین نے نیا دور میڈیا کو ٹیلیفون پر بتایا کہ اس وقت اسلام آباد میں واقع دفتر میں چھ سو سے زیادہ ملازمین کام کر رہے ہیں مگر کمپنی انتظامیہ کی جانب سے نہ تو کوئی حفاظتی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور نہ ہی ملازمین کو چھٹیاں دی جا رہی ہیں۔ جس کی وجہ سے کرونا وائرس سے ہماری زندگیوں کو خطرات لاحق ہے۔

IBEX کے ملازم نے مزید کہا کہ دفتر میں راولپنڈی، اسلام آباد اور دیگر شہروں کے ملازمین آ رہے ہیں مگر کمپنی کی جانب سے نہ تو کوئی ماسک فراہم کئے گئے ہیں اور نہ کوئی دیگر سکریننگ کا نظام موجود ہے۔ دفتر کے اندر صفائی کا ماحول بھی ناقص ہے جبکہ ملازمین کے موبائل فون دفتر کے باہر جمع کئے جاتے ہیں تاکہ کوئی تصویر یا ویڈیو لیک نہ ہو۔

کمپنی میں کام کرنے والے ایک اور ملازم نے نیا دور میڈیا کو بتایا کہ ملازمین کے اندر آنے کے بعد باہر کے دروازوں پر تالے لگا دیے جاتے ہیں تاکہ انتظامیہ یا پولیس کو شک نہ ہو کہ اندر دفتر میں ملازمین کام کر رہے ہیں۔

نیا دور میڈیا نے کمپنی کی ہیلپ لائن پر کال کر کے مؤقف جاننے کی کوشش کی مگر کال ریسیو کرنے والے بندے نے بتایا کہ یہ کراچی سٹیشن کا نمبر ہے اور ہمارے تمام دفاتر بند ہے اور لوگ گھروں سے کام کر رہے ہیں۔

عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔