Get Alerts

مسلم لیگ (ن) نے لانگ مارچ کا شیڈول تبدیل کردیا

مسلم لیگ (ن) نے لانگ مارچ کا شیڈول تبدیل کردیا
پاکستان مسلم لیگ (ن) کا لانگ مارچ 26 مارچ کو لاہور سے روانہ ہوگا۔ 26 مارچ کو لانگ مارچ کے آغاز کا فیصلہ 25 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے پر کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے زیر صدارت لانگ مارچ مینجمنٹ کمیٹی کے اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں لانگ مارچ کے شیڈول میں معمولی ردوبدل کرتے ہوئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حمزہ شہباز شریف اور مریم نواز شریف لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔ لانگ مارچ 28 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا۔

شہباز شریف کے زیر صدارت اجلاس میں لانگ مارچ مینجمنٹ کمیٹی کو عہدیداروں کی تیاریوں اور انتظامات سے متعلق بریفنگدی گئی۔ شہباز شریف نے تمام تنظیموں کو بہترین اشتراک عمل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انشا اللہ مہنگائی مکاؤ مارچ عوام کی خواہشات کی تکمیل کا باعث بنے گا۔ معاشی تباہی، بدترین مہنگائی، بے روزگای سے عوام کے گھر اور کاروبار اجڑ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ مہنگائی، نالائقی اور کرپشن کے ستائے عوام کے حکومت پر عدم اعتماد کا فیصلہ کن اقدام ہے۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سیکریٹری جنرل احسن اقبال، پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ، سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق، سردار اویس لغاری، مریم اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، ملک ابرار، انجم عقیل سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔